Live Updates

ظ*افواج پاکستان نے انڈیا کا غرور ہندوتوا کا فاشزم خاک میں ملا دیا: لیاقت بلوچ

اتوار 11 مئی 2025 20:25

?لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2025ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان نے انڈیا کا غرور ہندوتوا کا فاشزم خاک میں ملا دیا،پوری قوم اور افواج پاکستان متحد ہیں ۔جرات اور حکمت سے اقدامات میں اللہ تعالیٰ نے بڑی مدد کی،پاکستان آرمی کے کمانڈ افسروں اور جوانوں ،پاکستان کے ائیر فورس کے بہادر پائلٹ قوم کے ہیرو بن گئے،پاکستان کے حالات کے تناظر میں قومی وحدت بڑا معجزہ ہے۔

اخلاص نیت، دو قومی نظریے کا اعادہ اور جذبہ جہاد نے بڑا کام کیا،اب یہ امر حکومت ،افواج اور پالیسی سازوں کو جان لینی چاہیے کہ نظام مصطفی ﷺ قرآن و سنت کی بالا دستی ہی پاکستان کی جوہری طاقت ہے۔لیاقت بلو چ نے خانیوال میں ایم این اے محمد خان ڈاہا کے والد معروف سیاستدان عرفان ڈاہا کے انتقال پر تعزیت کی اور بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ کے شہدا کے خاندانوں سے تعزیت و دعائے مغفرت کی۔

(جاری ہے)

شہدا خاندانوں کے جذبے بلند اور میزائل فتح ون پر شہید بچوں کے ناموں کی تحریر نے شہدا کے لواحقین کے زخموں پر بڑی مرہم کا کام کیا ہے۔لیاقت بلوچ نے اس موقع پر ڈاکٹر عمران ،نصر اللہ ناصر،عرفہ کمبوہ ،جاوید چوہدری،شاہد چوہدری کے ہمراہ میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے میڈیا نے بھارت کے جھوٹے پرو پیگنڈہ کے خلاف اور ابلاغ کے محاذ پر حب الوطنی اور ملک و ملت کے دفاع کا حق ادا کر دیا۔

پوری قوم اور میڈیا نے انڈیا اور دنیا کو باور کروا دیا کہ پاکستان غزہ نہیںاورانڈیا خطہ کا اسرائیل نہیں۔آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے جنگی ابلاغی محاذ پر مہارت،تدبر اور حکمت کاری کا نیا باب رقم کر دیا ہے۔پاکستان کے آئی ٹی سائبر ماہرین نے بھی چھپے رستم بن کر انڈیا کی آئی ٹی مہارت کو بھی دھول چٹا دی،پاکستان کے نوجوانوں کو حب الوطنی اور پر عزم مستقبل کا نیا حوصلہ ملا ہے۔

قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ایوانوں نے بھی اختلافات سے بالا تر ہو کر قومی وحد ت کا اظہار کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف،پاک آرمی کے سربراہ ،وفاقی و صوبائی حکومتیں پالیسی ساز اللہ کے کرم اور اس کی نصرت کو غنیمت جانیں ،پاکستان میں جاری سیاسی اقتصادی بحران ،بلوچستان اور کے پی کے کا جاری بحران جنگی کیفیت کے کارپٹ کے نیچے گیا لیکن یہ سیاسی بحران حل طلب ہے۔

قومی ترجیحات اور قومی وحدت سے سیاسی بحران کا حل تلاش کرنا چاہیے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جنگ بندی ہو گئی،سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی ہوئی ،دوست ممالک چین ،امریکہ ،روس بھی مدد کو آئے اب مذاکرات کا مرحلہ بہت اہم ہے۔لہذا قومی حکمت عملی طے کر لی جائے کہ انڈیاپہلگام کے جھوٹ پر دنیا اور اپنی قوم سے معافی مانگے،سندھ طاس معاہدہ کی معطلی کا غیر قانونی اعلان واپس لے اور خطہ میں پائیدار امن کے لیے جموں و کشمیر کے عوام کو حق و خود رادیت کو تسلیم کرانا ہی ترجیح بنایا جائے۔

لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیتن یاہو ،نریندر مودی عالمی دہشت گرد نسل کش انسانیت دشمن ثابت ہو گئے۔نیتن یاہو اور نریندر مودی کا سیاسی زوال امریکی جو بائیڈن اور برطانوی رشی سونتک کی طرح نوشتہ دیوار ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات