Live Updates

پاک بھارت سیزفائر؛ متعدد غیرملکی ائیر لائنز نے پاکستان کیلئے پروازیں بحال کردیں

فلائٹ شیڈول میں بہتری کے نتیجے میں مختلف ائیرپورٹس سے پروازوں کی منسوخی کم ہو کر اب 50 رہ گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 مئی 2025 11:54

پاک بھارت سیزفائر؛ متعدد غیرملکی ائیر لائنز نے پاکستان کیلئے پروازیں ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مئی 2025ء ) پاکستان اور بھارت کے درمیان سیزفائر کے بعد متعدد غیرملکی ائیر لائنز نے پاکستان کیلئے پروازیں بحال کردیں۔ تفصیلات کے مطابق 12 غیر ملکی ائیرلائنز کی جانب سے پاکستان کے لیے پروازیں بحال کردی گئی ہیں، فلائٹ شیڈول میں بہتری کے نتیجے میں مختلف ائیرپورٹس سے پروازوں کی منسوخی کم ہو کر اب 50 رہ چکی ہے، فلائی دبئی، ایمریٹس، ترکش ایئرلائن، قطر ایئرویز، اتحاد ایئرویز، ائیر عریبیہ اور گلف ائیر نے بھی دوبارہ پروازیں شروع کردی ہیں۔

ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ حج پروازوں کو معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں، اسلام آباد 23، لاہور 14، کراچی کی 15 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، پشاور 4، سیالکوٹ 2 اور فیصل آباد سے ایک پرواز منسوخ کی گئی ہے، سیالکوٹ ائیر پورٹ کی شارجہ، دمام اور کویت سے 3 پروازیں لاہور منتقل کی گئیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان اور بھارت میں سیز فائر کے باوجود بھارتی ائیرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال نہیں ہو سکا، 24 بھارتی ایئرپورٹ اب بھی بند ہیں جس کی وجہ سے 444 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں، بعض ائیرپورٹس سے طیارے بھی ہٹا دیئے گئے ہیں، امرتسر، سری نگر، جموں، لداخ، دھرم شالا، شملہ، آدم پور، چندی گڑھ،کاشان گڑھ، راجکوٹ اور ہیراسر ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن ساتویں روز بھی معطل ہے۔

بتایا گیا ہے کہ امرتسر ائیر پورٹ سے روزانہ 123 پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں، تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں، پاکستانی شہروں سکھر اور میرپور خاص کے قریبی بھارت کے جیسل میر ائیر پورٹ پر بھی کوئی طیارہ موجود نہیں ہے، ہریانہ کے مہاراجہ اگرسین ایئرپورٹ سے آج کی 4 پروازیں منسوخ، کوئی طیارہ موجود نہیں، بٹھنڈا کی 4 پروازیں منسوخ، 7 دن سے فلائی بگ ایئر کا ایک وکنگ طیارہ موجود ہے، کاندھلا، جام نگر اور کیشود سے بھی پروازیں منسوخ کی گئی ہیں، پور بند، راج کوٹ ائیرپورٹ پر بھی کوئی طیارہ موجود نہیں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات