Live Updates

پاکستان نے ثابت کر دیا وہ نہ صرف ایٹمی طاقت ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کا داعی بھی ہے،صاحبزادہ محمود احمد ایڈووکیٹ

منگل 13 مئی 2025 14:56

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر انسانی حقوق ونگ کے چیئرمین اور سابق ایڈووکیٹ جنرل آزاد کشمیر، ممتاز قانون دان صاحبزادہ محمود احمد ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی مؤثر سفارتی، عسکری اور نظریاتی فتح پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ نہ صرف ایک ایٹمی طاقت ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کا داعی بھی ہے، جس نے ہمیشہ جارحیت کے بجائے تدبر، بردباری اور اصولوں کی سیاست کو ترجیح دی۔

انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزیوں پر شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو کشمیری عوام کے حق خودارادیت سے محروم کرنے کی پالیسی پر روک لگائے۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ محمود احمد نے کہا کہ بھارتی افواج نہتے کشمیری عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہیں، عورتوں کی عصمت دری، نوجوانوں کی جبری گمشدگیاں اور ماورائے عدالت قتل معمول بن چکے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی توہین ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین اور سپیکراسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں نکالی جانے والی مظفرآباد تا چکوٹھی کشمیر ریلی کو کشمیریوں کے جذبہ حریت کی آواز قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ریلی محض احتجاج نہیں بلکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی سنجیدہ کوشش ہے، جو پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے افکار کا تسلسل ہے اور مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرے کا بہترین طریقہ ہے۔

صاحبزادہ محمود احمد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے مظلوم کشمیریوں کی آواز بنی ہے اور انشاء اللہ ہر فورم پر ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کل کی ریلی ایک تاریخی سیاسی و انسانی حقوق کا مظاہرہ ہے، جو دنیا کو یہ باور کرائے گی کہ کشمیری قوم آج بھی آزادی کے لیے زندہ ہے اور جدوجہد کے ہر مرحلے میں متحد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان، وزیر خارجہ اور آزاد کشمیر کی قیادت کو مسئلہ کشمیر کے عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کے چہرے سے جمہوریت کا نقاب نوچ کر دنیا کو اس کے فسطائی عزائم سے آگاہ کیا جائے۔آخر میں صاحبزادہ محمود احمد نے نوجوانوں، سول سوسائٹی، بار ایسوسی ایشنز، طلبہ تنظیموں، اور عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ چکوٹھی ریلی میں بھرپور شرکت کریں تاکہ دنیا کو پیغام جائے کہ کشمیر آج بھی ایک زندہ تحریک ہے، اور آزادی ہمارا مقدر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات