Live Updates

جمعیت علماء پاکستان جمعہ 16مئی کو ملک گیر سطح پر’’یوم تحفظ وطن‘‘منانے کا اعلان

مودی سرکار کو امن کی نہیں طاقت کی زبان سمجھ آتی ہے، پاکستانی قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے

بدھ 14 مئی 2025 16:34

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)ئی)جمعیت علما پاکستان جمعہ 16مئی کو ملک گیر سطح پر’’یوم تحفظ وطن‘‘منانے کا اعلان کیا ہے، پاک افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا، مودی سرکار کو امن کی نہیں طاقت کی زبان سمجھ آتی ہے، پاکستانی قوم افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر یوسف ارائیں مرکزی رہنما جمعیت علما پاکستان نے عوامی ریلی میں کیا ہے۔

اس موقع پر ضلعی صدر اسلام الدین خاں، جاوید اسحاق سٹی جنرل سیکرٹری اور دیگر نے خطاب کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علما پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر صاحبزادہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ پیر سید صفدر حسین شاہ گیلانی نے جے یو پی کی مرکزی مجلس شوری کے آن لائین اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی اور بھارت کی حالیہ جارحانہ کشیدگی کا پاک فوج کی جانب سے دیے گئے دندان شکن جواب کو قومی غیرت اور عسکری مہارت کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سرکار کو امن کی زبان سمجھ نہیں آتی وہ صرف طاقت اور مزاحمت کی زبان ہی سمجھتا ہے، پاکستان کی افواج نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دوست ممالک کے تعاون سے سیز فائر ہوا جس کا کریڈٹ امریکہ بہادر اور ٹرمپ صاحب لے رہے ہیں تو اب یہ ان کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور اسے لگام دیں کیونکہ بھارت خطے کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے جبکہ پاکستان نے ہمیشہ صبر، تدبر اور امن کی بات کی ہے مگر جب دشمن حد پار کرے تو جواب دینا ناگزیر ہو جاتا ہے۔

الحمدللہ پاک فوج نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے مودی کو واضح پیغام دے دیا ہے کہ یہ نیا پاکستان ہے، جو اپنی سرحدوں، قوم، اور غیرت کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ سفارتی محاذ پر بھی بھارت کے مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرے اور عالمی برادری کو باور کرائے کہ جنوبی ایشیا میں بدامنی کا اصل ذمہ داربھارت ہی ہے جس نے سندھ طاس معاہدہ ختم کرے آبی جارحیت کی ہے، انہوں نے ملک کی تمام مقتدر سیاسی مذہبی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ آپس کے اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کی بقا سالمیت اور تحفظ کیلئے یکجا ہو کر آگے بڑھیں اور قوم سے اپیل کی کہ وہ ہر سطح پر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہو اور ملکی یکجہتی و استحکام کو اپنی پہلی ترجیح بنائے۔

اس وقت سماجی، سیاسی، مذہبی، عوامی قوتوں اور ملک کے تمام حلقوں نے یکجا ہو کر ہم آواز ہو کر عملی مظاہرہ کیا ہے، اس ضمن میں جمعیت علما پاکستان نے جمعہ 16مئی کوملک گیر ''یوم تحفظ وطن'' منانے کا اعلان کرتے ہوئے جے یو پی کی ضلعی،صوبائی اور مرکزی قیادت کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں ریلیاں جلوس کانفرنس سیمینار اوربھارت کے جارحانہ عزائم کیخلاف احتجاجی مظاہرے کریں۔انہوں نے افواج پاکستان کی شاندار کامیابی پر حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اگر بھارت کا دماغ درست ہو گیا ہے اور وہ مذاکرات کیلئے تیار ہے تو حکومت سب سے پہلے سندھ طاس معاہدہ بحال کرائے اور مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پائیدار اور جرت مندانہ موقف اختیار کرے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات