پاک بھارت کشیدگی کے بعد افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی پر قوم کا جوش و ولولہ بدستور قائم

مظفرآباد تا چکوٹھی دفاع پاکستان، جیوے جیوے پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا

بدھ 14 مئی 2025 16:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء) پاک بھارت کشیدگی کے بعد افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی پر قوم کا جوش و ولولہ بدستور قائم، گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے مظفرآباد تا چکوٹھی دفاع پاکستان، جیوے جیوے پاکستان اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ہاؤس آف کسٹوڈین چوہدری لطیف اکبر نے کی جبکہ ریلی میں وزراء حکومت پاکستان پیپلز پارٹی سردار جاوید ایوب،سید بازل علی نقوی، سابق امیدوار اسمبلی سابق شوکت جاوید میر،سردار مبارک حیدر،مبشرمنیر اعوان،مشیران حکومت ممبر کشمیر کونسل پرویز اختر اعوان اور ڈویژن، ضلع، تحصیل و سٹی پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدہ داران و کارکنان،جہانگیر مغل،خورشید حسین کیانی،تنویر قریشی،کلیم قریشی،اظہر شیخ،راجا فاروق احمد،راجا طارق خان،شوکت خاکسار،ظفر روشن،سردار اعظم،نمبردار یوسف،راجا عدیل،چوہدری اعجاز اقبال ایڈووکیٹ،چوہدری مراد،شگفتہ نورین کاظمی،مسرت شیخ کے علاوہ خواتین ونگ پاکستان پیپلز پارٹی،پی ایس ایف،پی وائی او،پیپلز ٹریڈرز ونگ،پیپلز لائرز فورم،پیپلز لیبر بیورو کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر حکومت سردار جاوید ایوب، سید بازل علی نقوی، امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر،سردار مبارک حیدر، مبشر منیر اعوان و دیگر نے خطاب بھی کیا۔ ڈویژن مظفرآباد بھر سے جیالوں کی کثیر تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ جیالوں نے گاڑیوں، موٹرسائیکلوں پر پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان و آزاد کشمیر کے پرچم باندھ رکھے تھے جبکہ بینرز بھی اٹھا رکھے تھے، جن پر پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔

ریلی کا آغاز صبح 10 بجے ہونا تھا مگر لوگوں کی کثیر تعداد ہونے کی وجہ سے ریلی دن ساڑھے 11 بجے مظفرآباد سے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو بہترین انداز میں کنٹرول کیا گیا اور ریلی کو گزارا گیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سید بازل علی نقوی، سردار جاوید ایوب سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو محترمہ بے نظیر بھٹو کی ولولہ انگیز اور دور اندیشانہ پالیسیوں کی بدولت آج ایٹمی پاکستان نے اپنے دشمن بھارت پر دھاک بٹھا دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح بری، بحری اور فضائی افواج نے دشمن کے گھر میں گھس کر اس کی قیمتی املاک اور تنصیبات کو تباہ کیا وہ رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ایٹمی ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی جس کا ثمر ہے کہ آج وہ نعرہ جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے لگایا تھا پورا ہوتا دکھائی دیتا ہے اور کشمیر کی ازادی کا سہرا پاکستان پیپلز پارٹی کے سر سجنے جا رہا ہے، جلد بلاول بھٹو زرداری پاکستان پیپلز پارٹی سے وزیراعظم پاکستان منتخب ہو کر کشمیر کی آزادی کا سہرا اپنے سر پر سجائیں گے۔ اس موقع پر شرکاء ریلی نے پاک فوج پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے گمنام ہیروز کے حق میں والہانہ نعرے بازی کی۔