Live Updates

بھارت کی سب سے بڑی سیاسی، عسکری اور سفارتی شکست ہوئی ہے، مشاہد حسین

بھارت کی جارحیت اور بربریت کا منہ توڑ جواب دیا گیا، جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں ملتی، پاکستان پیچھے نہیں ہٹے گا،گفتگو

جمعرات 15 مئی 2025 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر قوم، قومی قیادت اور پاک فوج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی سب سے بڑی سیاسی، عسکری اور سفارتی شکست ہوئی ہے۔کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے رہنما و سابق سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو واضح پیغام دیا گیا کہ آپ تنہا نہیں ہیں اور پاکستان آپ کے ساتھ ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کے پاس ہمت بھی ہے، صلاحیت بھی، نیت بھی اور طاقت بھی ہے، بھارت کی جارحیت، بالادستی اور بربریت کا منہ توڑ جواب دیا گیا اور جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں ملتی، پاکستان پیچھے نہیں ہٹے گا۔مشاہد حسین سید نے کہا کہ 1962کے بعد بھارت کی سب سے بڑی سیاسی، عسکری اور سفارتی شکست ہوئی، بھارت کا خود ساختہ امیج بے نقاب ہو چکا ہے اور پاکستانی قوم، قیادت اور افواج کو عظیم کامیابی پر مبارک ہو۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز کا پیشہ ورانہ معیار دنیا کے سامنے آیا ہے۔سابق سینیٹر نے کہا کہ بھارت ایک ریاستی دہشت گرد ملک ہے لہٰذا عالمی برادری کو ہوشیار رہنا ہوگا، امریکا، کینیڈا اور قطر میں بھارت کے دہشت گردی کے اقدامات ریکارڈ پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ صرف 4سال میں بھارت نے پاکستان کے خلاف 20سے زائد دہشت گردی کے حملے کیے ہیں، جوہری ہتھیار ایک انتہا پسند حکومت کے ہاتھوں میں ہیں، اسی لیے دنیا خبردار رہے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ آر ایس ایس ایک فاشسٹ اور نسل پرست تنظیم ہے جو صرف نفرت پھیلاتی ہے، بھارت کی پاکستان سے متعلق معاشی، سفارتی اور سیکیورٹی نقصان پہنچانا، تین سطح کی حکمت عملی ہے۔انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف کو بھی بھارت نے پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی، 1971کے بعد پاکستان نے جو قرض تاریخ پر تھا، وہ ہم نے اب چکا دیا ہے۔مشاہد حسین سید نے کہاکہ کشمیر کے معاملے پر اگر بھارت نے ہٹ دھرمی کی تو اس کی لڑائی براہ راست امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگی کیونکہ ٹرمپ نے کشمیر پر ثالثی کا کہا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات