Live Updates

حالیہ جنگ میں قوم تمام تر اختلافات کو بُھلا کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے

پاک فوج نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے، ٹرمپ کی ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات تسلیم نہیں کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 مئی 2025 19:31

حالیہ جنگ میں قوم تمام تر اختلافات کو بُھلا کر پاک فوج کے شانہ بشانہ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 16 مئی 2025ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے حالیہ پاک بھارت جنگ کے نتیجہ میں مسئلہ کشمیر ایک دفعہ پھر پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آیا ہے، حکومت پاکستان اس موقع کا فائدہ اٹھائے اور تنازعہ کشمیر کے حل کو اقوام متحدہ کی قراردوں کے مطابق یقینی بنائے۔ اہل کشمیر اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کے علاوہ کسی اور سمجھوتہ کو قبول نہیں کرے گی۔

تنازعہ کے حل کے بغیر خطہ میں امن ممکن نہیں۔
عباس پور، ہجیرہ، دوارندی اور بٹل سیکٹر میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیراہتمام یوم تشکر ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پاکستان پر زور دیا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے کشمیریوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور ہر مرد و زن کو جنگی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ حالیہ بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے معصوم کشمیریوں اور سویلین کے خون کے ایک ایک قطرے کا مودی سے بدلہ لیا جائے گا۔

امیر جماعت نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کسی قسم کی تجارت قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ثالثی کے نام پر تقسیم کشمیر کی کوئی بات کریں گے تو کشمیری اور پاکستانی اسے تسلیم نہیں کریں گے، کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں حل طلب مسئلہ کے طور پر موجود ہے۔
امیر جماعت نے بھارتی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقاتیں کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور شہدا کے بلندی درجات کی دعا کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کنٹرول لائن پر موجود فوجی جوانوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کو داد شجاعت دی۔
یوم تشکر ریلیوں سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان،سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر راجہ جہانگیر خان، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیل احمد راٹھور، نائب امیر سردار زاہد رفیق، تحریک کشمیر کے برطانیہ کے صدر فہیم کیانی، الطاف بھٹ، سردار حبیب خان، مختار علی خان،سمیت دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کشمیری عوام کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی پاکستان اور پچیس کروڑ پاکستانی عوام ان کے شانہ بشانہ ہیں، انہوں نے جنگ میں پاکستان کی فتح کو کشمیریوں کی فتح قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کیا ہے،پوری امت اس پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کررہی ہے۔

ایٹمی پاکستان ہی کشمیریوں کی امید ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے حکمرانوں کو خبردار کیا کہ کشمیری شہداء کے خون سے بے وفائی کرنے والوں کو پاکستانی قوم عبرت کا نشان بنائے گی، جماعت اسلامی پاکستان اول روز سے تحریک آزادی کشمیر کی پشتیبانی کر رہی ہے اور صبح آزادی تک کرتی رہے گی۔ بٹل سے کراچی تک سیز فائر لائن سے لے کر گلگت بلتستان اور خیبر تک پوری قوم یک جان اور یک زبان ہے، حالیہ جنگ میں قوم تمام تر اختلافات کو ایک طرف رکھ کر پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی ہے۔

امیر جماعت آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے سیز فائر لائن کا دورہ کر کے کشمیری قوم کے حوصلے بلند کیے ہیں، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے خون کے نذرانے پیش کر کے تکمیل پاکستان کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے، تحریک آزادی کشمیر دراصل تحریک پاکستان کا ہی تسلسل ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات