Live Updates

(تفصیلی خبر)

ق* پوری قوم آج متحد ہے اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہی: ملک محمد احمد خان ,وزیراعظم شہباز شریف اور نریندر مودی کی تقاریر کا موازنہ کیا جائے تو واضح ہو جاتا ہے کہ کون فاتح کمانڈر ہے اور کون شکست خوردہ ‘ قوم پاکستانی سپہ کی جنگی اور سفارتی حکمت عملی کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے، سپیکر کایو پنجاب اسمبلی میں منعقدہ تقریب میں خطاب

جمعہ 16 مئی 2025 21:25

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 مئی2025ء) پنجاب اسمبلی میں یومِ تشکر کی پٴْروقار تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان تھے۔ ان کے ہمراہ ممبر اسمبلی سمیع اللہ خان اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی عامر حبیب نے میڈیا ہال میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ قوم آج یوم تشکر منا رہی ہے اور پاکستانی سپہ کی جنگی اور سفارتی حکمت عملی کو خراجِ تحسین پیش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی قائدین نے بھی جس تدبر کا مظاہرہ کیا، وہ قابل ستائش ہے۔ پوری قوم سیاسی یکجہتی کے تحت پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی قیادت کے لیے دعاگو ہے۔انہوں نے صحافیوں اور میڈیا اداروں کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے صحافتی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی۔

(جاری ہے)

سپیکر ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ قوم آج فخر سے کہہ سکتی ہے کہ پاکستان کے ہر چپے کی حفاظت کے لیے کوئی قربانی دینے سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

ہم امن کے داعی ہیں اور خطے میں بات چیت کے خواہاں ہیں، لیکن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ اگر کسی نے مہم جوئی کی کوشش کی تو چند لمحوں میں مؤثر جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نے اس وقت جس مؤقف کو اختیار کیا ہے، اس میں ''کمپوزٹ ڈائیلاگ'' کا مطالبہ شامل ہے، جس میں آرٹیکل 370 اے اور سندھ طاس معاہدے جیسے اہم معاملات پر بات چیت ضروری ہے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو جنگی اقدام سمجھنا حیران کن نہیں، کیونکہ پانی ہمارا بنیادی حق ہے، جو جنگوں میں بھی نہیں روکا گیا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً نوے ہزار جانیں گنوانے والا پاکستان ہی ہے، جسے دنیا نظرانداز نہیں کر سکتی۔

پلوامہ یا پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے اگر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے اور ثبوت نہ دیے جائیں، تو ہم مزید خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا بہانہ بنا کر کشمیر اور سندھ طاس جیسے معاملات پر حملے کیے گئے، لیکن حقائق مسخ نہیں کیے جا سکتے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے واضح کیا کہ پاکستان اور اس کے دوست ممالک، پاک بھارت تنازعے کو اپنی سطح پر حل کروانے کے لیے سنجیدہ ہیں۔

انہوں نے ترکی اور چین کے ساتھ تعلقات کو ''شہد سے زیادہ میٹھی'' اور ''سمندر سے گہری'' قرار دیا۔بھارتی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مودی سرکار پر جنگی جنون سوار ہے اور چھ جہاز تباہ کروا کر بے عزتی کروالی۔ آج خود ان کی قوم بھی ان کی قیادت پر سوالات اٹھا رہی ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ جب کچھ سیاسی جماعتیں فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہی تھیں، تب بھی ہمارا یقین تھا کہ افواج پاکستان اپنی وردی، میڈلز اور خدمات کے ذریعے سرخرو ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ 10 مئی کے واقعات کے بعد فوج اور قوم کا مورال بلند ترین سطح پر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور نریندر مودی کی تقاریر کا موازنہ کیا جائے تو واضح ہو جاتا ہے کہ کون فاتح کمانڈر ہے اور کون شکست خوردہ۔پوری قوم آج متحد ہے اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات