Live Updates

مذاکرات کو بیک چینل رکھا جائے گا اوپن کرنے کا رسک اب نہیں لیا جاسکتا ، رﺅف حسن

مذاکرات سے متعلق پارٹی کوئی ابہام نہیں، مذاکرات انہی کے ساتھ ہوتے ہیں جن کے پاس طاقت ہوتی ہے، حکومت کے پاس کچھ دینے یا ہم سے مذاکرات کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے، رہنماء پی ٹی آئی کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 17 مئی 2025 11:20

مذاکرات کو بیک چینل رکھا جائے گا اوپن کرنے کا رسک اب نہیں لیا جاسکتا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 مئی 2025)پی ٹی آئی رﺅف حسن کا کہنا ہے کہ مذاکرات کو بیک چینل رکھا جائے گا مذاکرات کو اوپن کرنے کا رسک اب نہیں لیا جاسکتا، مذاکرات سے متعلق پی ٹی آئی میں کوئی ابہام نہیں، مذاکرات انہی کے ساتھ ہوتے ہیں جن کے پاس طاقت ہوتی ہے، حکومت کے پاس کچھ دینے یا ہم سے مذاکرات کرنے کیلئے کچھ نہیں ہے،دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء نے کہا کہ مذاکرات کو بیک چینل رکھا جائے گا۔

مذاکرات کو اوپن کرنے کا رسک اب نہیں لیا جاسکتا۔اگر مذاکرات ہو رہے ہیں تو کسی ڈیل کیلئے نہیں ہو رہے۔ تحریک انصاف مذاکرات کی حامی ہے۔ بھارت کی جارحیت کی وجہ سے ہماری تحریک میں تاخیر ہوئی۔ پاک بھارت تنازع کے دوران بھی پی ٹی آئی سوشل میڈیا کا کردارمثبت رہا۔

(جاری ہے)

دریں اثناءپاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار نے بھی کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی سے ڈیل نہیں کریں گے۔

ہم نے عدالت سے کہا ہے ہم ٹرائل کیلئے تیار ہیں۔ ہمیں جیل لے کر چلیں کیونکہ ہم نے بانی پی ٹی آئی سے کیس کے حوالے سے مشاورت بھی کرنی ہے۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ 9 مئی کے تمام کیسز یکجا کئے جائیں۔ کارکنوں کے حق میں بولنے پر میرے خلاف 2 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر زرتاج گل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جھوٹے اور بے بنیاد کیسز ہیں انہیں ختم ہو جانا چاہیے۔خیال رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشت گردی عدالت میں نو مئی سے متعلق مختلف مقدمات میں پی ٹی آئی کے رہنماوں عمر ایوب، فواد چوہدری، اسد عمر اور اعظم سواتی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی گئی تھی۔مسلم لیگ نون کا دفتر اور کلمہ چوک پر کنٹینر جلانے سمیت نومئی کے چھ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کے دوران عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، فواد چوہدری سمیت دیگر کی عبوری ضمانت میں توسیع کی گئی تھی۔

فواد چوہدری، علی امتیاز، کرامت کھوکھر سمیت دیگر نے حاضری مکمل کروائی، بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم عدالت میں پیش نہیں ہوئیںتھیں۔ وکیل نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دی تھی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاءکو ضمانتوں پر حتمی دلائل کیلئے طلب کر لیاتھاجبکہ دیگر ملزمان عبوری ضمانت کی میعاد ختم ہونے پر عدالت کے روبرو پیش ہوئے تھے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات