Live Updates

پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا واحد ایجنڈا کشمیر ہے، انجینئر امیر مقام

ہفتہ 17 مئی 2025 14:58

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کا واحد ایجنڈا کشمیر ہے ۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ بھارت خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مذاکرات میں شامل ہو کیونکہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کو اپنے انٹرویو میں زور دیا کہ کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے کیونکہ اس مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں امن اور ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کےلئے بین الاقوامی شمولیت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کے لیے پر عزم ہے۔

انجینئر امیر مقام نے تنازعہ کشمیر پر ثالثی کے لیےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی رضامندی کو بھی سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا۔انہوں نے کشمیریوں کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آخری سانس تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقوق کے لیے لڑے گا۔

امیر مقام نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں معاشی اور جسمانی قربانیاں دی ہیں، تنازعہ کشمیر کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستانی قوم اور مسلح افواج کے درمیان مضبوط رشتے کواجاگر کیا اور کہا کہ اتحاد اور اجتماعی عزم کا مظاہرہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے برعکس، جہاں قوم اور افواج کے درمیان تقسیم واضح ہے، پاکستان اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد ہے جو ایک مضبوط قومی جذبے اور اپنی فوج کی حمایت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت کی جارحیت نے واضح کردیا ہے کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج متحد ہیں، لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب کے عوام پاکستان کی افواج کی حمایت کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔ انہوں نے شہداکے خاندانوں کے غیر متزلزل جذبے کو بھی سراہا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات