پاکستان نے شکست دے کر خطہ میں بھارت کی بالادستی کا خواب چکنا چور کردیا، حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 17 مئی 2025 22:10

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کو چین، روس، افغانستان اور ایران سے بھی مستحکم دوستی کی بنیاد رکھنا ہو گی، پاکستان نے جو جنگ میدان میں جیتی ہے اس کو ٹیبل کی میز پر بھی جیتنا ہو گی، کشمیر کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات کئے جائیں، اس کے علاوہ کوئی ثالثی قبول نہیں، 10 مئی کو پاکستان نے بھارت کا غرور اور گھمنڈ تباہ کیا، افواج پاکستان کو تاریخی کامیابی حاصل کرنے پر پوری قوم ہار پہنا رہی ہے، بھارت پاکستان جنگ سے مایوس قوم میں امید اور یقین پیدا ہوا ہے، نوجوان ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں، دشمن حملہ کرے گا تو پوری قوم ایک جگہ پر متحد ہو جاتی ہے، پاکستان کلمہ کی بنیاد پر اسلام کے نظام کیلئے بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو یہاں ایبٹ آباد میں دفاع پاکستان و غزہ مارچ میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ عام میں ہزارہ کے امیر عبدالرزاق عباسی، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام کے ضلعی امراءنے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر جماعت کے امیدوار قومی و صوبائی اسمبلی، کارکنان، ارکان جماعت، خواتین اور ٹریڈ یونین کے رہنما بھی موجود تھے۔ مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہمارا ملک عزت اور وقار کے ساتھ دنیا بھر میں ابھرا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ قوم میں یکجہتی پیدا کر کے دشمن کے مقابلہ میں سیسہ پلائی دیوار بنے ہیں، ہمارے دشمن نے یہ سمجھا تھا پاکستان کا ماضی کی طرح رویہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کو بین الاقوامی سطح پر عزیمت اٹھانا پڑی، اس نے ہماری مساجد، ماؤں اور بہنوں پر حملہ کیا، جب اس کا جواب دیا گیا تو وہ پیچھے ہٹ گیا، ہماری افواج نے اسرائیل کی ٹیکنالوجی کے 80 ڈرون تباہ کئے، بھارت اور اس کا میڈیا جھوٹ پر جھوٹ بولتا رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دشمن ،جس کو عددی اور عسکری حوالہ سے طاقتور سمجھا جاتا تھا، کو پاکستان نے شکست دے کر خطہ میں بھارت کی بالادستی کا خواب چکنا چور کردیا۔

بھارت نے تکبر کیا جس پر پاکستان نے تدبر کا مظاہرہ کیا جس سے سفارتی، اخلاقی اور یکجہتی کی فتح ملی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مودی مسیحوں اور اقلیتوں کا دشمن ہے، 10 مئی کے بعد قوم کو عزت اور وقار ملا ہے، خطہ میں پاکستان کو روس اور ترکی کے ساتھ ساتھ افغانستان سے مستحکم دوستی کی بنیاد رکھنا ہو گی، کشمیر کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات کئے جائیں، اس کے علاوہ کوئی ثالثی ہمیں قبول نہیں، حکومت نے جو جنگ میدان میں جیتی ہے اس کو ٹیبل پر بھی جیتنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ تاریخ کا یہ سبق ہے کہ پورا کشمیر بزور شمشیر حاصل ہو گا، پچاس سال سےمقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ افراد شہید ہو چکے ہیں، ماؤں بہنوں کی عزتیں پامال ہو چکی ہیں۔ بھارت کشمیر میں اور اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان پہلے والا ملک نہیں رہا بلکہ پراعتماد ملک بن چکا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہزارہ کے عوام کے مسائل بھی حل ہونے چاہئیں، ہزارہ کے لوگوں کے مسئلہ کا حل نکالیں گے ، جماعت اسلام عوام سے مل کر انقلاب لائے گی ۔ مارچ میں مرکزی امیر کو ہزارہ کی روایتی پگڑی پہنائی اور تلوار کا تحفہ بھی پیش کیا گیا۔