Live Updates

بھارتی ہٹ دھرمی جاری،کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا

دریا میں پانی کے بہاو میں 40 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، بھارت جنگ بندی کے باوجود ایک بار پھر آبی دہشت گردی پر اتر آیا ، معمول کے بہاوکی نسبت دریائے نیلم میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک گرچکی ہے، سپرنٹنڈنٹ پولیس

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 22 مئی 2025 11:40

بھارتی ہٹ دھرمی جاری،کشن گنگا ڈیم سے دریائے نیلم کا پانی روک لیا
 آٹھ مقام(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی 2025ئ)بھارتی ہٹ دھرمی جاری، کشن گنگا ڈیم سے بھارت نے دریائے نیلم کا پانی روک لیا،بھارت جنگ بندی کے باوجود ایک بار پھر آبی دہشت گردی پر اتر آیا ہے، دریا میں پانی کے بہاو میں 40 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے، سپرنٹنڈنٹ پولیس کے مطابق معمول کے بہاوکی نسبت دریائے نیلم میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک گرچکی ہے۔

حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت نے وقتی طورپرکشن گنگا ڈیم سے پانی چھوڑا تھا اب قدرتی بہاﺅ بند کردیا۔بھارت کا کشن گنگا ڈیم جو متنازعہ پانی کے منصوبوں میں شمار ہوتا ہے ایک بار پھر پاکستان کیلئے ماحولیاتی اور آبی چیلنج بن کر ابھرا ہے۔رپورٹس کے مطابق بھارت نے دریائے چناب کو بیاس اور راوی کے نظام سے جوڑنے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے جو بین الاقوامی سطح پر سندھ طاس معاہدے کی روح کے منافی تصور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین بھارت کے اس اقدام کو آبی دہشت گردی اور بین الاقوامی معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی قراردے رہے ہیں۔ پانی کی قلت سے ماحولیات پربھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے آبی وسائل کو ہتھیارکے طورپراستعمال کرنا قابل مذمت ہے اور یہ مسئلہ فوری طور پرعالمی سطح پراٹھایا جانا چاہیے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران کشن گنگا ڈیم سے اضافی پانی چھوڑا گیا تھا جس سے دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی۔

گزشتہ دنوں بھارت نے دریائے چناب کو بیاس اور راوی دریاﺅں سے ملانے کے منصوبے پر کام تیز کر دیا تھا تاکہ پاکستان کو پانی سے محروم کرنے کا اپنا مذموم منصوبہ مکمل کر سکے۔قبل ازیں 26 اپریل کو بھارت نے آبی جارحیت کا آغاز کیا تھا اور بغیر اطلاع دئیے مظفرآباد کے علاقے ہٹیاں بالا میں دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا تھا جس کے بعد مظفرآباد انتظامیہ نے آبی ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نکل کر اڑی سے چکوٹھی میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں اچانک شدید طغیانی آگئی تھی اور دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ماہرین کے مطابق یہ اقدام بھارت کے اس دیرینہ منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت وہ پاکستان کے حصے کے پانی کو محدود کر کے اسے ماحولیاتی و معاشی دباو میں لانا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ 23 اپریل 2025 کو بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اس کے بعد بھارت نے پانی کو بطور تزویراتی ہتھیار استعمال کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر کر دیا ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات