Live Updates

خضدارمیں معصوم بچوں کی شہادت پر مرکزی امیر جماعت اہلسنت سید مظہر سعید کاظمی کا شدید ردعمل

جمعرات 22 مئی 2025 22:12

سبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2025ء) خضدار میں آرمی پبلک اسکول کی بس پر ہونے والا خودکش حملہ انتہائی سفاکانہ، بزدلانہ اور انسانیت سوز کارروائی ہے، جس میں معصوم طلبہ کی شہادت نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ مرکزی امیر جماعت اہلسنت پاکستان پروفیسر پیر سید مظہر سعید شاہ کاظمی اور نائب ناظم اعلی اول پروفیسر حمزہ مصطفائی کی جانب سے اس المناک سانحے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

پروفیسر سید مظہر سعید شاہ کاظمی نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے بلکہ علم، امن اور انسانیت کے خلاف بھی ایک بدترین جرم ہے۔ معصوم طلبہ کو نشانہ بنانا واضح کرتا ہے کہ دشمن کس قدر نچلے درجے کی بزدلی پر اتر آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا تسلسل یے۔

(جاری ہے)

ہم حکومتِ پاکستان اور عالمی اداروں کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ گزشتہ 78 سال سے بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی میں ملوث رہا ہے۔

خضدار کا حالیہ واقعہ اسی گھنانے تسلسل کی تازہ کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے 2002 میں بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی اور RAW کا نیٹ ورک متحرک کیا گیا۔ جبکہ 2016 میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری یوئی، اس نے خود اعتراف کیا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ اسی طرح 2023 تا 2025: کراچی، گوادر، اور اب خضدار جیسے حساس علاقوں میں تعلیمی اداروں اور شہری آبادی کو ٹارگٹ کیا گیا، جس کے پیچھے بھارت کا نیٹ ورک ہے۔

پروفیسر حمزہ مصطفائی نے کہا حالیہ بھارت کی جنگی ناکامی کے بعد مودی نے گھنانا کھیل شروع کر دیا ہے مگر بھارت کی یہ حرکتیں پاکستانی قوم کو کشمیر کی آزادی کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹا سکتیں۔ قائدین اہلسنت نے کہا کہ بھارت چونکہ عسکری میدان میں پاکستان سے بارہا شکست فاش کھا چکا ہے، اس لیے مودی سرکار اب بزدلانہ اور گھٹیا ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔

معصوم بچوں، اسکولوں، بازاروں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنانا مودی حکومت کی اخلاقی پستی، انتہاپسندی اور انسان دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان فوری طور پر اس حملے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دے۔ اور مودی کے ساتھ ان کے مبینہ تعلق کو عالمی برادری کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیں۔ ہم شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالی شہدا کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتیابی نصیب فرمائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات