Live Updates

تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا ، حریت کانفرنس

اتوار 25 مئی 2025 17:00

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اتوار کو یہاں جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر نہ صرف پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے بلکہ اس سے علاقائی امن و استحکام کو بھی مستقل خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہاکہ جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ہمسایوں کے درمیان موجودہ تعطل کے خاتمے کے لیے ایک بامقصداور جامع مذاکراتی عمل کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند، کالے قوانین کو منسوخ ، اپنی افواج کا انخلاءاور تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے تاکہ بات چیت کے لیے سازگارماحول پیدا ہو۔

(جاری ہے)

حریت رہنما نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت بین الاقوامی ثالثی کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔دریں اثناءبھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اورچھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔بھارتی فورسز اورایجنسیوں نے پونچھ، راجوری، ادھم پور اور رام بن سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں کیں۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع کشتواڑ کے سنگھ پورہ چھاتروکے گھنے جنگلات میں چوتھے روز بھی بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائی جاری رکھی ۔

آپریشن میں ڈرونز، ہیلی کاپٹر اور فوجی کمانڈوز بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ادھر وادی کشمیر کے متعدد اضلاع میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ضلع راجوری کے علاقے بدھل میں 18سالہ مسلمان لڑکی کی پراسرار موت کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ لڑکی کی لاش ایک پہاڑی سے برآمد ہوئی ہے۔لڑکی کے لواحقین اور مقامی لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور حکام سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

لوگوں نے خدشات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ ماضی میں بھارتی فوجی اس طرح کے واقعات میں ملوث پائے گئے ہیں۔ادھر ضلع سانبہ میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے بھارتی پولیس کا ایک افسر ہلاک اور ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسسٹنٹ سب انسپکٹر یوگ راج سنگھ اور اس کی ٹیم ضلع کے علاقے سوپوال میں ایک ناکے پر موجود تھی۔تیز رفتارگاڑی کے ڈرائیور نے پولیس کی رکاوٹوں کو پھلانگتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو کچل دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات