Live Updates

بھارت نے براہموس میزائل کے ذریعے پاکستان میں متعدد مقامات پر حملے کئے

پاکستان نے اس دشمن کو شکست دی جو دفاع پر اربوں ڈالرز خرچ کرتا ہے، فرق یہ ہے کہ پاکستان نے دن میں فوجی تنصیبات کو جبکہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ وزیراعظم شہباز شریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 28 مئی 2025 22:53

بھارت نے براہموس میزائل کے ذریعے پاکستان میں متعدد مقامات پر حملے کئے
لاچین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مئی 2025ء) وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہے کہ بھارت نے براہموس میزائل کے ذریعے پاکستان میں متعدد مقامات پر حملے کئے، پاکستان نے اس دشمن کو شکست دی جو دفاع پر اربوں ڈالرز خرچ کرتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آذربائیجان کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ایسے ملک کو شکست دی تو دفاع پر اربوں ڈالرز خرچ کرتا ہے، بھارت نے جب دوبارہ میزائل حملہ کیا تو پھرپاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے بھارت عبرتناک شکست دی۔ بھارت نے پہلگام واقعے کی آڑ میں پاکستان پر جنگ مسلط کی۔ پاکستان نے پہلگام واقعے پر شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش کی۔

(جاری ہے)

بھارت نے رات کے اندھیرے میں پاکستان کی سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ جبکہ پاکستان نے دن کی روشنی میں صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ۔ مزید برآں نیوز ایجنسی این این آئی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمینیا کے خلاف جنگ میں پاکستان اور ترکیہ نے آذربائیجان کی بھرپور سیاسی اور سفارتی حمایت کی، پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان یک جان اور تین قالب ہیں، پاکستان نے جدید جنگی ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی سے لیس اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو چند لمحوں میں شکست دی، سہ فریقی اجلاس انتہائی تعمیری اور مفید رہا، عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، غزہ میں فوری جنگ بندی اور فلسطینیوں پر مظالم بند کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کے یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے آذربائیجان کے صدر الہام علییوف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم آذربائیجان کا یوم آزادی اور پاکستان کا یوم تکبیر منا رہے ہیں جب 28 مئی 1998 کو پاکستان ایٹمی طاقت بنا، اس یوم آزادی کی تقریب میں شرکت باعث مسرت اور اعزاز ہے، آذربائیجان کے صدر الہام علییوف اور آذری قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، صدر الہام علییوف کی عظیم قیادت اور دانشمندانہ وژن سے 30 سال بعد کاراباخ کو آزادی ملی ، آذربائیجان کی افواج نے بہادری سے جنگ لڑی، ہم اس جنگ میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور بہادری و بلند حوصلوں کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور ترکیہ کے عوام نے آذربائیجان کی بھرپور حمایت کی اور حوصلہ بڑھایا، مشکل کے اس عرصہ میں ترکیہ کی حمایت بہترین تھی، پاکستان نے بھی اس عظیم مقصد کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور برادر ملک کی سیاسی و سفارتی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم یک جان اور تین قالب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو کچھ عرصہ قبل شکست دی جو کہ آبادی اور معیشت کے لحاظ سے کئی گنا بڑا ہے، اس نے کئی دہائیوں میں اربوں ڈالر دنیا کے جدید ترین ہتھیار، جنگی جہاز اور جدید ٹیکنالوجی خریدنے پر خرچ کئے، 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پہلگام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، بدقسمتی سے بھارت نے فوری طور پر پاکستان پر جھوٹا الزام لگایا اور حقائق مسخ کرنے کی کوشش کی اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان اس نام نہاد واقعہ میں ملوث ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے فوری طور پر اس واقعہ کی شفاف اور قابل اعتماد تحقیقات کیلئے بین الاقوامی انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی تجویز پیش کی لیکن بھارت نے پاکستان پر حملہ کر دیا، بچوں اور خواتین سمیت 33 معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا، ہم نے بھارتی حملے میں شہید ہونے والے 6 سالہ بچے کی نماز جنازہ میں شرکت کی، اس حملے میں 55 پاکستانی زخمی ہوئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے 9 اور 10 مئی کی رات کو بھارتی جارحیت کا نپا تلا جواب دینے کا فیصلہ کیا، ہم نے دفاع وطن کیلئے اس کا جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ چند لمحوں میں ہماری بہادر افواج نے 6 بھارتی جنگی جہاز مار گرائے جن میں چار رافیل طیارے بھی شامل تھے، ہم نے بھارتی ڈرونز بھی گرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارت کو پیغام دیا کہ پاکستان پرامن ملک ہے، خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کا فروغ چاہتا ہے تاہم ہم نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے براہموس میزائل کے ذریعے پاکستان میں متعدد مقامات پر حملے کئے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو تاریخی سبق سکھایا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے بھارتی فوجی تنصیبات پر حملے کئے جبکہ انہوں نے ہمارے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، یہ ہمارے اور بھارت کے درمیان واضح فرق ہے۔ 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات