Live Updates

آئی ایم ایف نے بجلی ٹیرف میں کمی کرنے پرپاکستانی حکومت سے وضاحت طلب کر لی

عالمی مالیاتی ادارے کا کرپٹو کرنسی کا اسٹیٹس تاحال لیگل نہ ہونے پر بِٹ کوائن مائننگ اور اے آئی کے لیے بجلی مختص کرنے پر تشویش کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 31 مئی 2025 17:36

آئی ایم ایف نے بجلی ٹیرف میں کمی کرنے پرپاکستانی حکومت سے وضاحت طلب ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 31 مئی ۔2025 )انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے اعتماد میں لیے بغیر بجلی ٹیرف میں کمی کرنے پر حکومت سے وضاحت طلب کر لی ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے.

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے کرپٹو کرنسی کا اسٹیٹس تاحال لیگل نہ ہونے پر بِٹ کوائن مائننگ اور اے آئی کے لیے بجلی مختص کرنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ قرض پروگرام میں رہتے ہوئے تمام اقدامات مشاورت سے کیے جائیں، بِٹ کوائن مائننگ کو بجلی فراہم کرنے پر بھی ورچوئلی بات ہوگی، معاشی ٹیم کو بجٹ پر مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف کے سخت سوالوں کا سامنا ہے.ذرائع کے مطابق بِٹ کوائن مائننگ کے لیے بجلی فراہمی کے اقدام پر آئی ایم ایف کی جانب سے مزید سخت بات چیت کا خدشہ ہے دوسری جانب ”ڈان نیوزبزنس“نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے بجلی 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کے پیکج کو ایک اور دھچکہ لگنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جون میں بھی بجلی صارفین کو اعلان کردہ کمی کا مکمل ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے جون میں بجلی صارفین کے لیے مجموعی ریلیف کم ہوکر 4 چارروپے 79 پیسے فی یونٹ رہنے کا امکان ہے، اس وقت وزیر اعظم پیکج کے تحت بجلی صارفین کو 6 روپے 35 پیسے کا ریلیف مل رہا ہے جبکہ گزشتہ ماہ اپریل میں بجلی صارفین کو 4 روپے 97 پیسے فی یونٹ کا ریلیف دیا گیا تھا.

رواں ماہ کے مقابلے میں آئندہ ماہ وزیر اعظم سستی بجلی سہولت پیکج کے تحت بجلی صارفین کو دیے جانے والے ریلیف میں کمی کاخدشہ ہے، تاہم ریلیف میں کمی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے اپریل کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں سینٹرل پرچیزنگ پاور ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست کے مطابق من و عن اضافے اور اس کا اطلاق جون میں کرنے سے مشروط ہوگا.

ذرائع کے مطابق مارچ کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے 29 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف اس مہینے ختم ہو جائےگا جبکہ اپریل کی ایڈجسٹمنٹ میں سی پی پی اے نے ایک روپے27 پیسے فی یونٹ کا اضافہ مانگ رکھا ہے نیپرا نے گزشتہ روزبجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا تھا ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی دوسری اور تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق جون میں برقرار رہے گا، رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں ایک روپے90 پیسے اور رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں ایک روپے 55 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف دیا جارہا ہے.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کی مدمیں ایک روپے 71 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف بھی جون میں برقرار رہے گا جبکہ ری ٹینڈ ایف سی اے کی مد میں 90 پیسے فی یونٹ کمی بھی جون میں برقراررہے گی یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 3 اپریل کو گھریلو صارفین کے لیے بجلی 7 روپے41 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا اعلان کیا تھا. 
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات