Live Updates

ملک کو چاروں اطراف سے خطرات درپیش ، حکمران ملک کی خارجہ و داخلہ پالیسی پر ازسر نو غور کریں ،مولانا عبدالحق ثانی

چین میں سہ فریقی ممالک کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی تائید کرتے ،پاکستان افغانستان کے درمیان سفیروں کی تعیناتی کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہیں،امیرجمعیت علمائے اسلام امیر جنوبی پنجاب مولانا مفتی محمد اسعد در خواستی کا مولانا بشیر احمد شاد کے عالم فاضل بیٹے مولانا حسین احمد کو جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کا اعلان

اتوار 1 جون 2025 17:05

�وشہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے امیر مولانا عبدالحق ثانی نے کہا ہے کہ ملک کو چاروں اطراف سے خطرات درپیش ہیں، حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسی پر ازسر نو غور کریں اور اپنے پڑوسی ممالک بالخصوص افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریں،چین میں سہ فریقی ممالک کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی تائید کرتے ہیں اور پاکستان افغانستان کے درمیان سفیروں کی تعیناتی کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کے مختلف اضلاع کے آٹھ روزہ دورہ کے موقع پر اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دورہ پنجاب کے موقع پر ان کے ہمراہ وفد میں جمعیت کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ،سر پرست او رجامعہ حقانیہ کے استاذ الحدیث مولانا عرفان الحق حقانی اور مولانا سمیع الحق شہید کے دونوں صاحبزادے مولانا اسامہ سمیع اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا خزیمہ سمیع پر مشتمل تھا۔

(جاری ہے)

دورہ پنجاب کے پہلے روز ضلع بہاولنگر میں منچن آباد،بہاولنگر،چشتیاں میں منعقدہ بڑے اجتماعات اور ریلیوں میں شرکت کی۔حاصل پور پہنچنے پر راؤ عرفان،شیخ خالد اور وقار یوسف کی قیادت میں شہر کے نوجوانوں نے ایک بڑے جلوس میں امیر مرکزیہ مولانا عبدالحق ثانی کو گاڑی میں کھڑا کرکے پورے شہر میں مولانا سمیع الحق شہید مولانا حامد الحق شہید اور مولانا عبدالحق ثانی کے زندہ باد کے نعروں کی گونج میں گھمایا اور جگہ جگہ گل پاشی کی گئی، جامعہ امدادیہ حاصل پور میں جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس میں شہر کے علما،معززین، یونیورسٹیوں، کالجوں اور مدارس کے طلبا کثیر تعداد میں موجود تھے،جلسہ میں مولانا عبدالحق ثانی،مولاناسید مولانا سید محمد یوسف شاہ، مولانا عرفان الحق،مولانا محمد اسعد در خواستی، مولانا حسین احمد شاد، مولانا عبدالصمد درخواستی، مولانا خزیمہ سمیع اور دیگرنے تقاریر کیں، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ ہمارے حکمران اپنے ملک میں امریکہ اور آئی ایم ایف کی مرضی کے بغیر پیاز ٹماٹرکا ریٹ بھی مقرر نہیں کر سکتے ہیں، ملک کو غیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا، عوام مہنگائی،بے روزگاری اور بدامنی سے تنگ آچکے ہیں، کوئی پرسان حال نہیں سیاستدان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حاصل پور کے شہریوں نے ہمیشہ میرے دادا مولانا سمیع الحق شہید اور میرے والد مولانا حامد الحق شہیدکا ساتھ دیا۔ انہوں نے جمعیت کے نوجوان قائد ندیم اقبال اعوان شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور نوجوانوں کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی ترغیب دی گئی۔ مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا سید محمد یوسف شاہ نے کہاکہ علماء اور مدارس دینیہ،حکومت اور اداروں کے ساتھ مخلص ہیں، لیکن ان کوبھی علماء کو ملک کادشمن نہ سمجھیں۔

اگر ملک پر خدا نخواستہ کوئی برا وقت آیا تو یہی علما دشمن کے خلاف صف اول میں موجود ہوں گے،ماضی میں بھی امام الشہداء مولانا سمیع الحق شہید اور دیگر دینی جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں نے ملک کے دفاع کی مضبوط جنگ لڑی ہے۔ اس موقع پر امیر جنوبی پنجاب مولانا مفتی محمد اسعد در خواستی نے مولانا بشیر احمد شاد کے عالم فاضل بیٹے مولانا حسین احمد کو جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کا اعلان کیا۔

بہاولپور میں شہدائے بہاولپور کے وارثوں سے تعزیت کی بعد ازاں بہاولپور شہر کے مختلف مدارس کا تفصیلی وزٹ کیا گیااور علماء طلباء سے خطاب کیا۔بعد ازاں بہاولپور شہر کے مرکزی میلاد چوک میں جمعیت (س)بہاولپورکے زیراہتمام ''خدمات مولانا حامد الحق شہیدو دفاع پاکستان '' کے عنوان پر بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا،جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ بھارت نے پورے ملک میں جنگ کا آغاز مساجد پر حملوں سے کیا جو مودی کی ذہنیت کی عکاسی ہے۔

امیر مرکزیہ مولانا عبدالحق ثانی نے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے بزدلانہ حملہ کا جو جرات مندانہ جواب دیا مودی سرکار اور بھارت کے متشدد ہندو سالوں تک یاد رکھیں گے، انھوں نے کہا کہ بھارت پر حملے کے بعد پورے پاکستان میں صرف علما طلبا اور دینی مذہبی جماعتوں کے کارکنوں نے فوج کی تائید میں ریلیاں نکالیں اور فوج کے پشت پر کھڑے ہوگئے،فوج اور اداروں کو بھی چاہیے کہ وہ دینی جماعتوں کے کارکنوں اور مدارس مساجد سے وابستہ لوگوں کو اپنا سمجھ کر انہیں دیوار سے نہ لگائیں۔

انھوں نے کہا کہ بہاولپور کے شہداء کے مقدس خون کی برکت سے پاکستان کے شاہینوں نے چند گھنٹوں میں بھارتی غبارے سے ہوا نکال دی۔مولانا سید یوسف شاہ نے کہا کہ علما کو فورتھ شیڈول میں ڈالنا سمجھ سے بالا تر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک علما کی قربانیوں سے آزاد ہوا ہے اور یہ ملک اسلام کے نام پر آزاد کر ایا گیا،یہاں اسلام اور شریعت کے خلاف کوئی اقدام قابل قبول نہیں اور نہ اس کی اجازت دی جائے گی، جلسہ سے اہل سنت والجماعت کے صوبائی صدر راؤجاوید نے بھی مفصل خطاب اور اپنے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اختتامی خطاب شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی حبیب الرحمن درخواستی صاحب نے کیا اور مدارس مساجد کو درپیش مسائل بالخصوص جنوبی پنجاب میں علمائے کرام کیلئے قدم قدم پر حکومتی مشکلات پیدا کرنے کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ حکمران ہمیں دشمن نہ سمجھیں،ہم ملک کے خیر خواہ ہیں،ہم حکومت کے ہر برے کام کی مذمت اور اچھے اقدامات کو تحسین پیش کریں گے۔

اس موقع پر جنوبی پنجاب کے امیر مولانا محمد اسعد در خواستی نے ضلع بہاولپور کے لئے جمعیت کے بڑے نظریاتی اور فعال ساتھی مولانا محمد احمد محمودی مرحوم کے صاحبزادے مولانا محمد زکریا کو پارٹی کا ضلعی جنرل سیکرٹری مقرر کیا جبکہ امیر مولانا راشد محمود انصاری ہوںگے۔ بعد ازاں ملتان میں ''خدمات مولانا حامد الحق شہید،آل پارٹیز کانفرنس ''کا انعقاد کیا گیا جس سے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا اور مولانا حامد الحق شہید کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور حکومت سے مولانا حامد الحق شہید کے قاتلوں کی گرفتاری کا پرزور مطالبہ کیا گیا۔

مولانا عبدالحق ثانی نے رحیم یار خان،خانپور،صادق آباد،دین پور شریف،کوٹ ادو، ڈی جی خان، راجن پور، فیصل آباد،گوجرانوالہ،چکوال، سرگودھا میں جمعیت علمائے اسلام کے زیراہتمام منعقدہ مختلف اجتماعات میں شرکت کی اور جمعیت کے ارکان سے ملاقاتیں کیں اور جماعت کو بھرپور انداز میں منظم کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات