Live Updates

گندم، کپاس مکئی کے کاشتکاروں کے ناقابل تلافی معاشی نقصان کی ذمّہ دار پنجاب حکومت ہے

کسان کارڈ پر کسانوں کو اوپن مارکیٹ سے مہنگی کھاد مل رہی ہے، قومی بجٹ آئی اہم ایف زدہ ہوگا، بجٹ میں عوام، زراعت، صنعت، کو مزید نچوڑا جائے گا۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 جون 2025 19:39

گندم، کپاس مکئی کے کاشتکاروں کے ناقابل تلافی معاشی نقصان کی ذمّہ دار ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جون 2025ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے لاہور میں کِسان بورڈ پاکستان کے کنونشن میں نومنتخب ذمہ داران کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی پالیسی سے زراعت تباہ کسانوں کا معاشی استحصال ہوا، گندم، کپاس مکئی کے کاشتکاروں کے ناقابل تلافی معاشی نقصان کی ذمّہ دار پنجاب حکومت ہے،کسان کارڈ  میں کسانوں کے لیے ریلیف نہیں بلکہ کسان کارڈ پر کسانوں کو اوپن مارکیٹ سے مہنگی کھاد مل رہی ہے، گندم کے بعد چاول کاشت کرنے والے کسان تذبذب کا شکار ہیں، قومی بجٹ آئی اہم ایف زدہ ہو گا، بجٹ میں عوام، زراعت، صنعت، کو مزید نچوڑا جائے گا۔

اس موقع پر کسان بورڈ پاکستان کے صدر سردار ظفر حسین خان، چوہدری منظور گجر، میاں رشید نہالہ، فاروق میو اور راؤ عابد حسین میو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے ہوئے کہا کہ زراعت کی ترقی، استحکام اور کِسانوں کی خوشحالی سے پاکستان مستحکم ہوگا۔ پرانے قرضوں کی ادائیگی کے لیے نئے قرضوں کے حصول کا معاشی نظریہ 25 کروڑ پاکستانی عوام کے لیے ذِلّت، رُسوائی اور معاشی تباہی کا باعث بن گیا ہے۔

وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے زراعت، کِسانوں /ہاریوں اور گندم کے کاشتکاروں کو بڑے نقصانات سے دوچار کردیا ہے۔ دو سال سے گندم، چاول، گنا اور کپاس کے کاشت کار بے یقینی اور ساہوکاروں کے ظالمانہ استحصال کا شکار ہیں۔ خودداری، خودانحصاری، اپنے قومی وسائل پر اعتماد ہی اقتصادی بحرانوں کا حقیقی حل ہے۔ پانی کے مسئلہ پر صوبوں کی شکایات جاری ہیں اور انڈیا نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کیا ہوا ہے۔

انڈیا کو پانی روکنے کے انسان دُشمن اقدام سے بھی روکنا  لازم ہے اور پانی کے ذخائر میں اضافہ کے لیے نئے ڈیموں، آبی ذخائر (بالخصوص عرصہ دراز سے زیرالتواء بھاشا ڈیم، داسو ڈیم اور مہمند ڈیم جیسے اہم منصوبوں) کی مزید کسی تاخیر کے بغیر جنگی بنیادوں پر تعمیر بھی ازحد ضروری ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی محبت میں سرشار اور گرفتار ہیں، انڈیا خطرناک اور شاطر دشمن ہے، اِس کے مقابلہ کے لیے بُنیان مَّرصُوص والا جذبہ اور قومی وحدت برقرار رکھنا ہوگا۔

پاک بھارت جنگ بندی میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کردار اچھا ہے لیکن غزہ پر اسرائیلی صیہونی ظلم اور انسانی قتلِ عام رکوانے کی بجائے اُسے شہہ دینے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی قراردادوں کو ویٹو کرنا امریکہ کا  دُنیا میں اَمن کے قیام کے حوالے سے دوغلے پن کو ظاہر کرتا ہے۔ عالمی اَمن کے لیے کشمیر و فلسطین کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات