Live Updates

آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست مثالی ہوگا،فیصل ممتاز راٹھور

ریاستی عوام کو صحت کارڈ سہولت سمیت ،تعلیم و ترقی رسل و رسائل کو جدید ،ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لانے کیلئے تمام تر وسائل کو استعمال میں لایا جائے گا، وزیر بلدیات آزاد کشمیر

منگل 10 جون 2025 19:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء) آزاد کشمیر کے وزیر بلدیات و دیہی ترقی مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست مثالی ہوگا۔ ریاستی عوام کو صحت کارڈ کی سہولت سمیت بلدیاتی اداروں کو آئین کی اصل روح کے مطابق اختیارات و وسائل کی فراہمی کے علاوہ صحت علاج معالجہ تعلیم و ترقی رسل و رسائل کو جدید اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں لانے کے لیے تمام تر وسائل کو استعمال میں لایا جائے گا۔

راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے آزاد کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقربا پروری، کرپشن، میرٹ کی پامالی کو جڑ سے اکھڑتے ہوئے ریاستی فنڈز کو زمین پر لگا کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اب جھرلو ٹھپہ نہیں چلے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب عوام با شعور ہو چکے ہیں اور کارکردگی کے تناظر میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ دفاعی علاقوں میں بنکرز کی تعمیر کے علاوہ بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے عوام خاص کر یوتھ کو تیار کرنے کے لیے خصوصی قانون سازی کریں گے۔

وزیر بلدیات و دیہی ترقی نے مزید کہا کہ حویلی کو تمام تر سابقہ پسماندگیوں سے نجات دلانے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حویلی کی تمام برادریاں یک جان دو قالب کی مانند ہیں سب کا مجھ پر اعتماد میرے لیے سرمایہ سیاست ہے۔ حویلی کو سیاسی حب بنانا میرا خواب ہے، میرے دفتر کے دروازے سب کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔ حویلی میں یونیورسٹی کیمپس کا قیام تعمیر و ترقی اور تعلیمی اداروں کی اپگریڈیشن کر کے وطن کی مٹی کا قرض ادا کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ تنقید برائے تنقید ٹھیک نہیں تنقید برائے اصلاح ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عوام نے ووٹ دے رکھے ہیں، اس لیے میں عوام ہی کو جواب دے ہوں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کوئی بھی شخص کسی بھی جگہ مجھے روک کر مجھ سے حساب کتاب کر سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میں عوامی نمائندہ ہوں اور ایک عوامی وزیراعظم کا لخت جگر ہوں، ریاست یا ریاستی اداروں کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم راجہ ممتاز حسین راٹھور نے پیار محبت بانٹنے کا درس دیا تھا، میرا جینا مرنا ریاست اور عوام کے لیے ہے ریاست کے عوام کا خادم بن کر کام کر رہا ہوں اور کرتا رہوں گا۔ قوم وہ جو خود دکھائی دے کارکردگی کی بنیاد پر آمدہ الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح دورہ نیویارک کے دوران کشمیر پر موقف اٹھایا اور مقدمہ کشمیر کو مدلل الفاظ میں بیان کرتے ہوئے عالمی دنیا کے سامنے پیش کیا اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے آمدہ انتخابات کی تیاریوں میں مگن ہو جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا سنہرا مستقبل لوح محفوظ پر لکھا جا چکا ہے، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کے مقدر میں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات