Live Updates

سٹی کورٹ کراچی کے باہر پی ٹی آئی کا عمران خان اور بشری بی بی کی رہائی کے لیے احتجاجی مظاہرہ

ْ26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کمزور ہو چکی ہے، انصاف کی حکمرانی لانی ہوگی، حلیم عادل شیخ ججز خوف کے بجائے حق و انصاف کے مطابق فیصلے کریں قوم کے ساتھ کھڑی ہے، ڈاکٹر مسرور سیال

بدھ 11 جون 2025 20:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سرپرست اعلی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی رہائی کے مطالبے پر پی ٹی آئی سندھ کی جانب سے سٹی کورٹ کراچی کے باہر احتجاجی مظاہرہ اور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال، پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر، پی ٹی آئی رہنما آفتاب جہانگیر، خرم شیر زمان، فہیم خان، ایڈووکیٹ ظہور الدین محسود، وومن ونگ سندھ کی صدر سرینا خان، سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شبیر بئریسٹر احسن عادل شیخ، ایڈووکیٹ شعیب کھٹیان، پارلیمانی لیڈر شبیر قریشی، جئپال چھابڑیا، ایڈووکیٹ نذیر اللہ محسود، ایڈووکیٹ منظور بھٹہ، ایڈووکیٹ خان زمان خٹک، ایڈووکیٹ نور ملک، پی ٹی آئی سندھ کی رہنما عائشہ رشید،انور مہدی، یوتھ ونگ کے مرکزی رہنما نثار خان و دیگر نے کی۔

(جاری ہے)

احتجاج میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنمائوں، وکلا، خواتین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے عمران خان، بشری بی بی اور دیگر قائدین کی رہائی کے حق میں بینرز اٹھا رکھے تھے اور نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے عمران خان اور ان کی اہلیہ سمیت تمام اسیر رہنماں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ختم ہو چکی ہے۔

فارم 47 کے ذریعے مسلط کردہ کٹھ پتلی حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو جھوٹے مقدمات میں قید کیا گیا ہے جبکہ عدلیہ اور انصاف کے دروازے بند کیے جا چکے ہیں۔ جب انصاف دینے کا وقت آتا ہے، ججز چھٹی پر چلے جاتے ہیں۔ آج بھی القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کرنے والے جج چھٹی پر چلے گئے۔ ایک سازش کے تحت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کو چھٹی پر بھیج کر عمران خان کا مقدمہ نہ سنا گیا۔

26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کمزور ہو چکی ہے اور نوجوان وکلا کا مستقبل بھی خطرے میں ڈال دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ہمارے بچوں کے روشن مستقبل کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ وہ کسی ڈیل کے ذریعے باہر آ سکتے تھے لیکن انہوں نے ملک و قوم کے مفاد میں قید کو ترجیح دی۔ عمران خان کی رہائی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، یہ تحریک جاری رہے گی اور عدلیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک پر غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے۔ ہم نے چوروں اور جعلی حکومتوں سے قوم کو نجات دلانی ہے۔ آج ۔ قوم انصاف پسند ججوں کے ساتھ کھڑی ہے، اور اگر عدلیہ نے حق و انصاف پر مبنی فیصلے نہ کیے تو قوم خاموش نہیں بیٹھے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں افراتفری کا عالم ہے، غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی گئی ہے۔ بجٹ عوام دشمن ہے جس کے ذریعے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔

ملک کی نصف سے زائد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اور معیشت تباہ ہو چکی ہے۔پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مسرور سیال نے کہا کہ ہم عدلیہ کی آزادی کے لیے بھی احتجاج کر رہے ہیں۔ ہم معزز ججز کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، وہ خوف کے بجائے حق و انصاف کے مطابق فیصلے کریں۔ جس ملک میں انصاف نہ ہو، وہ تباہی کا شکار ہو جاتا ہے۔

عمران خان گزشتہ دو سال سے ہمارے خوابوں اور بچوں کے مستقبل سمیت قید ہیں۔ اگر عمران خان آزاد ہوئے تو یہ ملک بھی آزاد ہو جائے گا۔ ان کی رہائی کی تحریک اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر نے کہا کہ ہم اپنے قائد عمران خان کی آزادی کے ساتھ ساتھ آئین و قانون کی بالادستی کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہمیں ملک سے چوروں کو بھگانا ہے اور قوم کو آزادی دلوانی ہے۔

26ویں آئینی ترمیم کے بعد ہمارے ججز دبا کا شکار ہیں۔ اب پاکستانی قوم کو بیدار ہو کر عدلیہ کو بھی بیدار کرنا ہوگا۔ عمران خان نے خون کے بغیر شعور کا انقلاب برپا کیا ہے اور قوم جاگ چکی ہے۔ ہمیں انصاف کے لیے پرامن احتجاج کا حق حاصل ہے، لیکن پولیس ہمیں دہشت گرد قرار دینے کی کوشش کرتی ہے۔ سپریم کورٹ سے صادق و امین قرار دیا گیا لیڈر آج جیل میں ہے، جبکہ چور آزاد گھوم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کو شرم آنی چاہیے کہ محترمہ یاسمین راشد جیسی بزرگ قابل احترام خاتون رہنما کو قید میں رکھا ہوا ہے۔ خواتین مسلسل آواز اٹھا رہی ہیں اور ان شااللہ یہ جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر فہیم خان نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے بنائی گئی جعلی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ یہ لوگ ہر کام رات کے اندھیرے میں کرتے ہیں۔ عمران خان کا کیس بھی رات کو ڈی لسٹ کر دیا گیا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ان کا مقدمہ عدالت میں سنا جائے اور فوری طور پر رہا کیا جائے۔ اگر عدلیہ آزاد ہوتی تو قوم کو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات