Live Updates

بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے سامنے بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب کیا ہے اور پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی ہے، شازیہ مری

منگل 17 جون 2025 15:43

بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے سامنے بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب کیا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا کے سامنے بھارت کا دہشت گرد چہرہ بے نقاب کیا ہے اور پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی ہے، وفاقی بجٹ میں حیدر آباد سکھر موٹروے کیلئے کم فنڈز رکھے گئے ہیں، پیپلز پارٹی بجٹ کا حصہ نہیں لیکن انتشار کا حصہ بھی نہیں ہے ،بجٹ میں کم سے کم اجرت کا تعین نہیں کیاگیا۔

منگل کو بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ ہم جوہری طاقت ہیں لیکن ہم جارحیت اور جنگ نہیں چاہتے، ہم امن کے خواہاں ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے دنیا میں پاکستان کی بھرپور سفارتکاری کی ہے، دنیا میں ہم فخر سے اپنا تعارف کراتے ہیں کہ ہم بھٹو اور بینظیر کے وطن سے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کی مثبت سفارتکاری سے پاکستان کی ساکھ بہتر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا آج ہمیں اس نظر سے دیکھ رہی ہے جس کے ہم مستحق ہیں، مستحق تو ہم پہلے سے تھے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے بڑی قربانیاں دی ہیں، بلاول بھٹو پاکستان کے لئے یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

شازیہ مری نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کشمیر میں بھارتی بربریت کو بھی دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، بھارت کا بھی ایک وفد گیا جس پر ان کی اپنی عوام سوال اٹھا رہی ہے کہ ہمارے سرکاری خرچ پر جا کر گانے گاتے بجاتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سندھ طاس معاہدے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا معاملہ بھی اٹھایا اور مودی کی غیر انسانی سوچ کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سیز فائر کا خیر مقدم کرتا ہے اور چاہتا ہے کہ یہ مستقل رہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں انتہا پسند سوچ مسلط ہیں، ان کا میڈیا زرد صحافت کا آئینہ دار ہے۔ انہوں نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے، عوام کو معاشی اور سیاسی اعتبار سے مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں زراعت کے شعبہ میں خودکفیل بنانے کے بڑے مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کم سے کم اجرت کا تعین نہیں کیا۔ تنخواہ دار طبقہ کو دیا جانے والا ریلیف اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے، پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں 150 فیصد تک ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، ملازمین آج بھی پیپلز پارٹی کے دور کو یاد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سولر پر 18 فیصد ٹیکس کو ہم کسی صورت سپورٹ نہیں کریں گے۔ ملک میں بجلی پہلے ہی مہنگی ہے، اس اقدام سے گرین انرجی کو فروغ نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا بری طرح شکار ہے، 2022ء کا سیلاب اس کی واضح مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 300 یونٹ تک کے صارف کو سولر کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے دور میں ملک میں مہنگائی میں چوتھا ملک تھا، ان کے دور میں سب سے زیادہ قرض لیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ ای کامرس کو سہولت دی جائے، ڈیزل اور ہائبرڈ گاڑیوں پر لگایا جانے والی 18 فیصد ڈیوٹی کو ریشنلائز کیاجائے۔

آن لائن خریداری پر ٹیکس غیر منصفانہ ہے۔کاربن لیوی سے غریب عوام کو مسائل ہوں گے،کرائے بڑھیں گے،حکومت ان کے لئے سبسڈی دے۔انہوں نے کہا کہ 400 ارب روپے کی موٹر وے کے لئے 15 ارب روپے رکھے گئے اس پر نظر ثانی کی جائے۔پی ڈبیلو ڈی کی سکیمیں دیگر صوبوں کو دی گئی ہیں لیکن سندھ حکومت کو نہیں دی گئیں،کے فور کے لئے خاطر خواہ فنڈز نہیں رکھے گئے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات