مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے گزشتہ روز سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کی نو منتخب انتظامیہ کا حلف لیا۔سنٹرل بار ایسوسی عہدیداران کی حلف برداری تقریب میں سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین، جج عدالت العالیہ جسٹس سید شاہد بہار، جج عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس سردار محمد اعجاز خان، جج عدالت العالیہ جسٹس چوہدری خالد رشید، کسٹوڈین جائداد متروکہ، چئیرمین سروس ٹربیونل، چئیرمین انوائرمنٹل ٹربیونل، چئیرمین الیکشن ٹریبونل، ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں وکشمیر، وائس چئیرمین بار کونسل عقاب ہاشمی، چئیرمین ایگزیکٹو بار کونسل، سیکرٹری قانون، سیکرٹری الیکشن کمیشن، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ضلع قاضی صاحبان، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ججز، صدر ڈسٹرکٹ بار جہلم ویلی، بار کونسل کے عہدیداران و ممبران، سنٹرل بار کے عہدیداران اور وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
(جاری ہے)
اس موقع پر چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے نو منتخب عہدیداران کو واضح برتری سے کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے فیصلوں کا احترام ہم سب پر لازم ہے اور عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، بنچ اور بار ایک گاڑی کے دو پہئے ہیں، بار ایسوسی ایشن کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، سنٹرل بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ عدلیہ کی نمائندگی کی۔
انہوں نےچیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر جسٹس سردار لیاقت شاہین کو بطور چیف جسٹس ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتی رہے گی۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ چیف جسٹس عدالت العالیہ کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کیلئے سفارشات میرٹ پر کی گئی اسی طرح قانون اور میرٹ کی بالا دستی کو ہمیشہ کیلئے ملحوظ خاطر رکھا جائے گا۔
عدلیہ کا احترام ہم سب پر بالخصوص وکلاء پرلازم ہےاگر وکلاء عدالت کا احترام نہ کریں تو کون کرے گا؟وکلاء پیشہ ورانہ طریقے سے اپنا کیس پیش کریں۔ مکانیت کی فراہمی اور سنٹرل بار کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے نو منتخب عہدیداران سےآئین کی پاسداری، وکلاء کی فلاح وبہبود اور عدلیہ کے وقار کی بحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے پر زور دیا۔
نو منتخب عہدیداروں میں صدر سید انیس الحسن گیلانی، سیکرٹری جنرل و دیگر شامل تھے۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ آزاد جموں وکشمیر جسٹس سردار لیاقت شاہین نے کہا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی سفارشات اور معزز ججز صاحبان کی تائید سے میری بطور چیف جسٹس تعیناتی انصاف کی جیت ہے اور میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔ سپریم کورٹ کی رہنمائی میں انصاف کی فراہمی کیلئے کام کرتے رہیں گے، بار اور بنچ آپس میں لازم و ملزوم ہیں، بار کونسل، بار ایسوسی ایشنز کا عدلیہ کے وقار کو برقرار رکھنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔
سنٹرل بار ایسوسی کی حلف برداری تقریب میں شرکت میرے لئے باعث تکریم ہے۔ عدلیہ کے وقار اور وکلاء کی تکریم پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔نو منتخب صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد سید انیس الحسن گیلانی نے چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان، سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم، جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت شاہین، ججز ہائیکورٹ آزاد کشمیر جسٹس سید شاہد بہار، جسٹس سردار محمد اعجاز، جسٹس چوہدری خالد رشید و دیگر مہمانان کا تقریب حلف برداری تقریب میں آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے رہیں گے، وکلاء چیمبرز کیلئے اراضی حصول، کیفے ٹیریا و دیگر مسائل حل کئے۔
سنٹرل بار ریاست کی سب سے بڑی نمائندہ بار ہے، سنٹرل بار نے ریاست کو بہترین ججز اور سیاسی قیادت فراہم کی ہے۔ بار اور بنچ لازم وملزوم ہیں، آزاد کشمیر میں انصاف کا بول بالا اور میرٹ پر انصاف کی فراہمی پر یقین رکھتے ہیں، نو منتخب صدر نے مہمان خصوصی سے سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے لئے چیمبرز کی تعمیر، جوڈیشل اکیڈمی کاقیام، ججز کی تعیناتی اور وکلاء کیلئے علاج کی سہولت کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور وکلاء کے مسائل کی جانب توجہ مبذول کرائی۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر قانون کا سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد کیلئے 50 لاکھ کی گرانٹ رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔ بھارت کے جنگی جنون کے خلاف فتح پر پاک فوج اور قوم کو مبارکباد اور ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ اس موقع پرسابق صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد مسعود مغل ایڈووکیٹ نےریاست میں عوام کو فوری انصاف کی فراہمی پر سپریم کورٹ کے کردار کو سراہا اور نئے چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت شاہین کو ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
انہوں نے سنٹرل بار کیلئے مکانیت، چیمبرز اور وکلاء کے مسائل حل کرنے پر اعلی عدلیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور سنٹرل بار مظفرآباد کی بہتری کیلئے کئے گئے اقدامات اور درپیش مسائل پر سیر حاصل گفتگو کی.آخر میں ملکی سلامتی، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور ایران اور غزہ کی فتح کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔