Live Updates

صوبہ ہزارہ سمیت جہاں بھی نئے صوبے بنانے کی گنجائش ہے بنائے جائیں، سردارمحمد یوسف

جمعہ 20 جون 2025 22:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ صوبہ ہزارہ سمیت جہاں بھی نئے صوبے بنانے کی گنجائش ہے بنائے جائیں، پی ٹی آئی حکومت کو مانسہرہ اور ہزارہ کی عوام کو دیوار کے ساتھ لگانے کی روش ترک کرنی چاہئے۔ جمعہ کوقومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے 2025 کے حج کی خود مانیٹرنگ کی ہے پاکستان سے ایک لاکھ 15 ہزار افراد نے فریضہ حج ادا کیا جن میں سے 88 ہزار سرکاری سکیم کے تحت حاجی تھے اور باقی پرائیویٹ سکیم کے تحت گئے تھے سب نے خوش اسلوبی سے حج کی سعادت حاصل کی۔

وزیراعظم نے بھی حج انتظامات پر خراج تحسین پیش کی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو بھی پاک بھارت جنگ میں سرخرو کیا یہ اللہ کی مدد اورپاک فوج کی وجہ سے کامیابی ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ حج کے لیے سعودی حکومت کی طرف سے پالیسی آ گئی ہے اور انہوں نے ٹائم لائن کا بتا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 2025 کے انتظامات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، ہم سعودی تعلیمات کے مطابق اس پر عمل کریں گے، 10 جولائی کو سعودی حکومت پاکستان کے حج کوٹے کا اعلان کرے گی۔

پاکستان کا حج کوٹا ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ مشکل حالات میں تیار کیا گیا ہے، ہمیں توقع ہے کہ اس سے پاکستان کے عوام کیلئے بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ زراعت پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشنرز کی پینشن میں اضافہ کیا گیا ہے۔ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی ترقی کیلئے منصوبوں کا تعلق صوبوں سے ہے، صوبوں کو چاہیے کہ وہ سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔کے پی کی صوبائی حکومت بھی عوام کے ساتھ انصاف کرے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے تعمیری کام کرے۔ انہوں نے کے پی میں ہزارہ اور ضلع مانسہرہ میں ایک ایک کو ٹارگٹ کر کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم کیا گیا اور دیوار کے ساتھ لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مانسہرہ کی تین لاکھ کی آبادی ہے اور لوگ پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلع مانسہرہ کے پانی اور گیس کے مسائل حل کیے جائیں۔وہاں پر زلزلے سے تباہ ہونے والا تعلیم اور صحت کا انفراسٹرکچر بری طرح تباہ حال ہے اس کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔ضلع مانسہرہ کے سکی کناری ڈیم کے متاثرہ لوگوں کو معاوضہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ ہزارہ سمیت جہاں بھی صوبوں کی گنجائش ہے وہاں پر نئے صوبے بنائے جائیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان کا حج کوٹہ آبادی کے تناسب سے 0.1 فیصد ہوتا ہے اس کے لیے دو لاکھ تیس ہزار پاکستانیوں کو حج کا موقع ملنا چاہیے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات