Live Updates

حکومت کے کہنے پر نوبیل پرائز ملتا تو زرداری کے پاس دو دو ہوتے، بیرسٹر گوہر کا دلچسپ تبصرہ

نوبل پرائز ان لوگوں کو ملتا ہے جنہوں نے اپنی فیلڈ میں بہت اچھا کام کیا ہوتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کو اگر مل جاتا ہے اس کا کوئی ایشو نہیں ہے؛ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 جون 2025 16:16

حکومت کے کہنے پر نوبیل پرائز ملتا تو زرداری کے پاس دو دو ہوتے، بیرسٹر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون 2025ء ) حکومتِ پاکستان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبیل پرائز کے لیے نامزد کیے جانے پر چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے کہنے پر اگر نوبیل پرائز ملتا تو زرداری کے پاس دو دو ہوتے۔ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نوبیل پرائز ان لوگوں کو ملتا ہے جنہوں نے اپنی فیلڈ میں بہت اچھا کام کیا ہوتا ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کو اگر مل جاتا ہے اس کا کوئی ایشو نہیں ہے، سوال یہ ہے کیا حکومت کسی کو نامزد کر سکتی ہے؟ اگر ایسا ہوتا تو سب شہزادوں اور بادشاہوں کے پاس نوبیل پرائز ہوتے اور صدر زرداری کے پاس تو دو دو نوبیل پرائز ہوتے۔

بیرسٹرگوہر کہتے ہیں کہ خیبرپختونخواہ کا بجٹ پاس نہیں ہوا، بجٹ پاس ہونے میں ابھی کچھ دن باقی ہیں، اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی جو حکم کریں گے وہ ہم مانیں گے، اسمبلی تحلیل کرنے کا کہیں گے تو کرلیں گے، اگر عمران خان نہ ہوتے تو مجھے میرے خاندان والے بھی ووٹ نہ دیتے، عمران خان کو بڑے بڑے مائنس کرنا چاہتے تھے مگر وہ نہیں کرسکے، عدالتوں نے مایوس کیا ہے لیکن اللہ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں سے تو عمران خان کو انصاف ملے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف 300 مقدمات درج ہوئے، جیل جانے سے پہلے وہ 350 پیشیاں بھگت چکے تھے، پانچ دن کے اندر عمران خان کو تین سزائیں ہوئیں جس میں 45 سال کی سزا سنائی گئی، ان کی اہلیہ کو بھی سزائیں دی گئیں، کتابیں تک نہیں دینے دے رہے، رولز کی خلاف ورزی کرکے ملاقاتیں بھی نہیں کرنے دیتے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری جیتی ہوئی سیٹوں کے مطابق مخصوص نشستیں ہمیں ملیں گی، ہمیں سپریم کورٹ سے توقع ہے کہ انصاف ملے گا، امید ہے مخصوص نشستیں ہمیں ملیں گی کیوں کہ دوسری پارٹیوں کو مال غنیمت کے طور پر مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، مخصوص نشستیں اس جماعت کا حق ہے جس کو عوام نے ووٹ دیا جہاں تک کچھ لو اور کچھ دو کی بات ہے تو لوگوں نے مس گائیڈ کیا تھا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات