Live Updates

پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، بھارت یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا تقریب سے خطاب

پیر 30 جون 2025 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، بھارت یک طرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا، بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتا ہے، تنازعہ جموں وکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے خطے میں امن ہوگا، فلسطینیوں سے انصاف کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہوسکتا، تجارت اور بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل چاہتے ہیں، بھارت نے پہلگام کا جھوٹا ڈراما رچایا اور فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان پر جارحیت مسلط کی تاہم پاکستان نے بھارتی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دیا۔

(جاری ہے)

محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت پاکستان پر اپنی مرضی مسلط نہیں کرسکتا، اس لئے وہ اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی بربریت کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال پر تشویش ہے، غزہ میں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے، عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی مظالم بند کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیرمقدم کیا ہے، ایران کے جوہری مسئلہ کا حل بات چیت سے نکالا جائے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار رکن ہے اور وہ ایران کے قانونی موقف کی ہمیشہ تائید کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہو، پاک چین سٹریٹجک شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے عمل پیرا ہے۔\932
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات