بلاول زرداری کا بیان قومی وقار، خودمختاری اور محب وطن پاکستانیوں کی قربانیوں کی توہین کے مترادف ہے،فیصل ندیم

ہفتہ 5 جولائی 2025 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2025ء)پاکستان مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کہا ہے کہ پاکستانی شہریوں کا بھارت حوالگی پر بلاول زرداری کا بیان قومی وقار، خودمختاری اور محب وطن پاکستانیوں کی قربانیوں کی توہین کے مترادف ہے۔ کسی بھی پاکستانی کو بھارت کے حوالے کرنے کا تصور بھی ناقابل قبول ہے۔ جو لوگ پاکستان کی بقا، نظریاتی سرحدوں اور کشمیر کاز کے لیے جدوجہد کرتے رہے ہیں، انہیں بھارت کی خواہش پر دشمن کے حوالے کرنا غداری کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا وزیر اعظم خود خطے کا سب سے بڑا دہشت گرد ہے، جو کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی سے لے کر پاکستان میں کلبھوشن یادیو جیسے دہشت گرد بھیجنے تک کئی جرائم میں ملوث رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول کو چاہیے کہ وہ بھارت سے اجیت دووال جیسے دہشت گردوں کی حوالگی کا مطالبہ کریں، نہ کہ پاکستان کے بہادر اور نظریاتی افراد کو بھارت کے حوالے کرنے کی بات کریں۔

فیصل ندیم نے مزید کہا کہ بلاول اور پیپلز پارٹی کو سندھ کے عوام کے اصل مسائل کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ پانی کی قلت، تعلیم و صحت کی زبوں حالی، بے روزگاری، کرپشن، اور کراچی میں تباہ حال انفراسٹرکچر جیسے مسائل پیپلز پارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں۔ وفاقی سیاست میں خوشنودی کی خاطر ملکی سلامتی پر سمجھوتہ ناقابل برداشت ہے۔ بلاول کو قوم سے معافی مانگنی چاہیے اور سندھ کی خدمت پر توجہ دینی چاہیے۔