ض*برہانی وانی کا یوم شہادت،ملک بھر میں مرکزی مسلم لیگ کی ریلیاں و تقریبات

ؔکشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں سے ہمارا رشتہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر ہے۔قاری محمد یعقوب شیخ

منگل 8 جولائی 2025 20:15

Eلاہور،کراچی،بہاولنگر،جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء)مرکزی مسلم لیگ کے زیر انتظام لاہور،کراچی،بہاولنگر،جھنگ سمیت مختلف شہروں میں برہان وانی کی یوم شہادت کے دن ریلی و تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔لاہور میں جوائنٹ سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ قاری یعقوب شیخ،کراچی صدر مرکزی مسلم لیگ سندھ فیصل ندیم،احمدندیم اعوان،حریت رہنماء غلام محمد صفی ،جھنگ میں چئیرمین خدمت خلق مرکزی مسلم لیگ چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ،بہاولنگر میں امیر حمزہ کمبوہ سمیت ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان مظفر وانی کی قربانی نے تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونکی، کشمیر ہماری شہ رگ ہے،ان تقریبات میں کثیر تعداد میں مختلف شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت،اس موقع پر شرکاء نے برہان وانی اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بھی لگائے اور شرکاء نے برہان وانی کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ سیکرٹری قاری یعقوب شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے تحریکِ آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی اور نوجوان نسل کو قربانی و مزاحمت کا پیغام دیا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ پہلے کیا گیا، نہ آئندہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیریوں سے ہمارا رشتہ لا الہ الا اللہ کی بنیاد پر ہے۔

ہم ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور ان کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک کثیر تعداد میں کشمیری نوجوان شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی افواج ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہیں،کراچی میں صوبہ سندھ کے صدر فیصل ندیم، احمد ندیم اعوان،حریت رہنماء غلام محمد صفی اور دیگر رہنماؤں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم، بربریت اور ریاستی دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے، مگر کشمیری نوجوانوں کا جذبہ حریت آج بھی زندہ ہے اور روز بروز مضبوط ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت طاقت کے زور پر کشمیریوں کو قید تو رکھ سکتا ہے، مگر ان کے دل کبھی نہیں جیت سکتا۔انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا، جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں رہے گا، خاص طور پر جب بھارت جیسے ملک پر مودی جیسا جنگی جنون رکھنے والا حکمران مسلط ہو۔ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، اور دنیا کا کوئی قانون یا طاقت ان سے یہ حق نہیں چھین سکتی۔

جھنگ میں مرکزی مسلم لیگ کے چیئرمین خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمان وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی صرف ایک نام نہیں بلکہ تحریکِ آزادی کا استعارہ بن چکا ہے۔ ان کی شہادت نے دنیا کو بھارت کے مکروہ چہرے سے آگاہ کیا اور یہ پیغام دیا کہ کشمیری نوجوان ظلم کے خلاف کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔بہاولنگر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے رہنما امیر حمزہ کمبوہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

ہمارا رشتہ کشمیری عوام سے صرف زمین یا سیاست کا نہیں بلکہ لا %لہ %لا اللہ کے مقدس رشتے سے جڑا ہے، جسے کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا۔مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر دوہرا معیار ترک کرے اور کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو ہر بین الاقوامی فورم پر بھرپور طریقے سے اٹھایا جائے اور کشمیریوں کے سفیر کا کردار ادا کیا جائے۔