حکومت کی کوشش ہے کہ ہر طبقے کی فلاح و بہبود کیلئے منصوبہ بندی کے تحت پائیدار اقدامات کیے جائیں، گورنر بلوچستان

بدھ 9 جولائی 2025 21:15

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام باشعور ہیں، ہم ان کے مسائل، مشکلات اور ضروریات سے بخوبی واقف ہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے منصوبہ بندی کے تحت پائیدار اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا اور کسی بھی سطح پر عوام کو مایوس نہیں کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین ریسٹ ہاؤس میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب پاکستان مسلم لیگ ن پشین کے ضلعی صدر سعداللہ خان ترین کی خصوصی دعوت پر منعقد ہوئی تھی، جس میں ضلع بھر سے مختلف قبائلی عمائدین، پشین قومی جرگہ، سیاسی و سماجی رہنما، مسلم لیگ (ن)کے کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

اجتماع سے صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی، صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو، صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم احمد کھوسہ، ضلعی صدر مسلم لیگ ن سعداللہ خان ترین اور جنرل سیکرٹری علی اللہ کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں گورنر بلوچستان نے صوبائی وزراء کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال پشین اور بلوچستان یونیورسٹی پشین کیمپس کا دورہ کیا۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ پشین نہ صرف جغرافیائی لحاظ سے اہمیت کا حامل ضلع ہے بلکہ یہ قبائلی ہم آہنگی، تعلیمی رجحان اور امن پسندی کے اعتبار سے بھی ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشین کو ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی فہرست میں شامل کیا گیا ہے اور یہاں مختلف شعبہ جات میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

گورنر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال پشین کو خصوصی بجلی لائن فراہم کی جائے گی تاکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے مریضوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو۔ ہسپتال میں جدید سوکر سسٹم کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی اور بنیادی و ضروری ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ تعلیمی شعبے میں بہتری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلوچستان یونیورسٹی کا سب کیمپس پشین حکومت کی خصوصی توجہ کا مرکز ہے۔

کیمپس کی تمام ضروریات اور سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم ان کی دہلیز پر میسر آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پشین کو تعلیمی مرکز میں تبدیل کرنا حکومت کا وڑن ہے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پشین کو ڈویڑن کا درجہ دینے کے حوالے سے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام ضروری تقاضے پورے کیے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پشین میں ایک دانش اسکول قائم کرنے کے لیے وزیراعظم پاکستان سے خصوصی ملاقات کر کے منظوری حاصل کی جائے گی تاکہ غریب اور مستحق طلباء کو معیاری تعلیم کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اس کے علاوہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کے شعبے میں خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔ گورنر نے کہا کہ علاقے میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے، کیونکہ ترقی امن کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں ضلعی صدر مسلم لیگ ن پشین سعداللہ خان ترین کی جانب سے پشین کے مسائل کے حوالے سے سپاسنامہ پیش کیا گیا۔ گورنر بلوچستان اور ان کے ہمراہ آنے والے تمام صوبائی وزراء کو روایتی پشتون پگڑی پہنائی گئی، جو قبائلی عزت و احترام کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ اس موقع پر شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔