قائد میاں محمد نواز شریف پوری دنیا میں جمہوریت کی پہچان بن چکے ہیں،لیگی رہنما

جمعرات 10 جولائی 2025 16:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) مسلم لیگ (ن) ریاست ٹیکساس (امریکہ) کے صدر سبیل عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف پوری دنیا میں جمہوریت کی پہچان بن چکے ہیں،سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے حالیہ فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کو قومی اور پنجاب اسمبلی میں دو تہائی سے زائد اکثریت حاصل ہو گئی ہے ۔

اس لئے سینٹ نشستوں کے انتخابات کے لئے قربانیاں دینے والے مخلص اور حقیقی مسلم لیگی کارکنوں کو ٹکٹ دیئے جائیں تاکہ ایوان بالا میں اس ملک کے 25 کروڑ عوام بالخصوص اسلام،پاکستان،جمہوریت اور عدلیہ کی بالادستی کی آواز موثر طریقے سے گونجتی رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ پاکستان کے موقع پر مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ ضلع راولپنڈی کے صدر تنویر اختر شیخ کی طرف سے اپنے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ ظہرانہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ لیبر پنجاب کے انفارمیش سیکرٹری خان ممتاز خان،ضلعی ڈپٹی کوآرڈینیٹر ملک طارق بشیر،مبشر ظہور عباسی ایڈووکیٹ،چوہدری عبدالرشید،عدنان ڈار، چوہدری عابد،راجہ عثمان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سبیل عباسی نے عدلیہ و جمہوریت کی بحالی کے لئے جدوجہد کرنے والے مرحوم مسلم لیگی ساتھیوں بابر اعوان،خان احمد خان،شکیل انور بٹ،انور عباسی،علی عباس خان،نعیم شہزاد بلا،شفیق کھڑے خان، گل جان بی بی،آپا حنیفہ،کنیز فاطمہ،زاہد حسین قریشی،اعجاز خان،ممتاز بٹ رحمان عباسی اور رب نواز عباسی کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور ان کی بخشش کیلئے مغفرت کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میں آج بھی تنویر اختر شیخ اور ڈاکٹر مقبول احمد خان جیسے کمٹڈ اور دیرینہ ساتھی موجود ہیں جنہوں نے نہ صرف مسلم لیگ کیلئے قربانیاں دیں بلکہ عدلیہ و جمہوریت کی بحالی اور بیگم کلثوم نواز تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ،جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا اور جیلیں کاٹیں،اپنی زندگی کے قیمتی 30، 40 سال مسلم لیگ پر قربان کر دیئے،اس کے سوا ایک ورکر کر ہی کیا سکتا ہے؟ ہماری پارٹی کو ایسے لوگوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں آگے لے کر آنا چاہئے تاکہ مخلص اور قربانیاں دینے والے ورکروں کے حوصلے مزید بلند ہوں۔