ہمارے سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار ہیں،جنہوں نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا آج ان کا کوئی نام نہیں لے رہا‘ ایاز صادق

نوازشریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ، حکومت ختم کرکے ملک کی ترقی کا پہیہ روکا گیا‘ اسپیکر قومی اسمبلی کا اجتماع سے خطاب

اتوار 13 جولائی 2025 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار ہیں،جنہوں نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا آج ان کا کوئی نام نہیں لے رہا،نوازشریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ، ان کی حکومت ختم کرکے ملک کی ترقی کا پہیہ روکا گیا، 2017 سی2023 تک ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے گیا، وہ چیف جسٹس جو فرعون بن کر بیٹھا تھا آج اس کا کوئی نام نہیں لیتا،بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی عزت بڑھی ہے ،جو پاکستان پر حملہ کرے گا منہ روڈ جواب ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مناواں میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے بعد مناواں روڈ یونین کونسل 178 میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار یازصادق نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف کے لیے وعدوں سے روگردانی کی ،انہوں نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہماری قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، موجودہ الیکشن کے بعد ملک پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے،وزیراعظم شہبازشریف ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہے ہیں۔

عوام کی مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے بہت زیادہ امیدیں زیادہ ہیں ،قائد نوزشریف کی ہدایت پر عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جارہی ۔ انہوں نے کہا کہ واہگہ بارڈر سے آنے والی سڑکیں خراب ہو جاتی تھیں،اب ڈبل سڑک، فٹ پاتھ اور سروس لین بنائی گئی ہیں،اس علاقے میں 19ارب روپے سے سیوریج سسٹم، واٹر سپلائی اور مین روڈ بنائی جارہی ہے،اگر کوئی گلی رہ گئی اسے بھی بنا کر کام ختم کریں گے ،ضلعی انتظامیہ بھی عوام کی بھرپور خدمت کررہی ہے ، مناواں میںسیوریج کے کام کے بعد اگلے سو سال کا آرام ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو بلا تفریق ترقی دینے پر عوام کی جانب سے نواز شریف ، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کے خلاف جنگ شروع کر دی جس کا ہماری مسلح افواج نے عوام کی طاقت سے بھر پور جواب دیا، جنگ میں کامیابی کے بعد دنیا میں پاکستان کی عزت بڑھی ہے ۔