گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور تمام صوبوں میں دانش سکولوں جیسے معیاری تعلیمی مراکز کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف

جمعرات 17 جولائی 2025 17:59

گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور تمام صوبوں میں دانش سکولوں جیسے معیاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام صوبوں میں دانش سکولوں جیسے معیاری تعلیمی مراکز کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوامی فلاح کے ترقیاتی منصوبوں بالخصوص صاف پانی، بجلی، مواصلات، تعلیم کے منصوبوں میں شفافیت کیلئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، تاخیر کے شکار منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیراعظم کو تکمیل شدہ ترقیاتی منصوبوں اور رواں مالی سال میں جاری منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پورے ملک میں مواصلات، آئی ٹی، آبی ذخائر، بجلی، تعلیمی مراکز، ہسپتالوں جیسے متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور نئے منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ مکمل اور تکمیل کے قریب منصوبوں میں اعلیٰ معیار یقینی بنانے کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کرائی جائے، تمام منصوبوں میں عوامی سہولت کو مرکزی حیثیت دیتے ہوئے معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، تاخیر کے شکار منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور تمام صوبوں میں وفاق کی جانب سے دانش سکولوں جیسے معیاری تعلیمی مراکز کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تعلیمی مراکز رواں مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کا انتہائی اہم حصہ ہیں جس کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقے کے بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم و تربیت، یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آبی ذخائر ملکی سالمیت کا محور ہیں اور اس کے لئے متعدد منصوبے زیر تعمیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اور اسلام آباد میں ٹیکنالوجی پارکس کی تعمیر سے پاکستان خطے و عالمی سطح پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لئے ایک اہم معاشی مرکز بنے گا، سپیشل اکنامک زونز کی تعمیر حکومت پاکستان کے ملکی معیشت کے وژن کا کلیدی عنصر ہے۔\932