Live Updates

بلوچستان میں غیرت کے نام پرخاتون کا قتل مہذب معاشروں کے منہ پر طمانچہ ہے،مجاہدچنہ

پیر 21 جولائی 2025 17:42

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2025ء)جماعت اسلامی سندھ کے ترجمان مجاہد چنہ نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری ظلم، لاقانونیت اور حکومتی ناکامی پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں حوا کی بیٹی کو غیرت کے نام پر بے دردی سے قتل کیا گیا، سندھ میں ڈاکو راج مسلط ہے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی نئی لہر ابھرتی جا رہی ہے اور پنجاب میں چینی چور مافیا نے عوام کا معاشی قتل عام کر رہا ہے سوال یہ ہے کہ اس ساری صورتحال میں حکومت ریاست، قانون اور انصاف کہاں چھپے بیٹھے ہیں جیکب آباد کے صحافیوں سے بات چیت کے دوران مجاہد چنہ نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی خاتون کے واقعے کو انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہذب معاشروں کے منہ پر طمانچہ ہے کہ ایک عورت کو صرف روایت اور غیرت کے نام پر زندگی سے محروم کردیا جائے اور ریاست خاموش تماشائی بنی رہے۔

(جاری ہے)

یہ صرف بلوچستان میں کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے۔ معصوم بچیوں کو اغوا زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کرنے کی تاریخ بھری پڑی ہے۔ جیکب آباد میں حسینہ کھوسہ، خیرپور فاطمہ فرڑو کا بیدردی سے قتل مثال ہے۔ فیضلا سرکی اور پریا کماری کئی سالوں سے لاپتہ ہیں مگر ان کے پیاروں کی کوئی دادوفریاد نہیں سنتا۔انہوں نے کہا کہ سندھ کے کچے کے علاقے ڈاکوں کے رحم و کرم پر ہیں روزانہ کی بنیاد پر اغوا برائے تاوان، لوٹ مار اور قتل و غارت معمول بن چکی ہے۔

کے پی کے میں دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے اور پنجاب میں مہنگائی، کرپشن اور چینی مافیا عوام کا سکون چھین رہے ہیں۔ ریاست کی بے حسی اور اپنے لوگوں سے لاتعلقی کا اس سے اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا کہ اس وقت دنیا بھر کے 76 ممالک میں 21 ہزار 406 پاکستانی شہری قید ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد 10 ہزار 423 سعودی عرب میں ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 5297، ترکی میں 1437 اور بھارت میں 738 پاکستانی ہیں۔

کئی پاکستانی صرف جرمانے ادا نہ کرنے کی وجہ سے قید ہیں جب کہ 14 ممالک سے مکمل ریکارڈ تاحال موصول نہیں ہوا۔دوسری جانب وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے انکشاف کیا ہے کہ چالیس ہزار پاکستانی زائرین ایران عراق اور شام میں لاپتا ہوچکے ہیں۔ یہ لوگ چونکہ روایتی سالار سسٹم کے تحت وہاں گئے اس لیے ان کا کوئی ریکارڈ حکومتی اداروں کے پاس بھی موجود نہیں۔

قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ صدیقی کئی سالوں سے بے گناہ امریکہ میں قید ہے مگرحکومت لاتعق بنی ہوئی ہے۔یہ حکومت ہے یا مذاق، ریاست توماں کادرجہ رکھتی مگر ہمارے حکمرانوں کو اپنے عوام کی کوئی فکرنہیں ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ ملک میں فوری طور پر قانون کی بالادستی قائم کی جائے، عورتوں، بچوں، مزدوروں اور مظلوم شہریوں کو تحفظ دیا جائے اور غیرت کے نام پر قتل جیسے ظالمانہ رسوم کے خلاف ریاستی سطح پر سنجیدہ اقدامات کیے جائیں۔ قوم کی مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت سمندر پار مختلف ممالک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوششیں کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر مظلوم کی آواز ہے اور ظلم و جبر کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات