Live Updates

تین دریاؤں پر ہمارا حق ہے، بھارت کی جانب سے ہمارا پانی روکا گیا یا رخ موڑا گیا تو اسے اعلان جنگ تصور کیا جائیگا، اسحاق ڈار

سندھ طاس معاہدے کو کوئی بھی یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا،بھارت کی جانب سے متضاد بیانات کے پیش نظر پاکستان الرٹ ہے، بھارت کے ساتھ دنیا میں کہیں بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ کی پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 29 جولائی 2025 10:33

تین دریاؤں پر ہمارا حق ہے، بھارت کی جانب سے ہمارا پانی روکا گیا یا رخ ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29جولائی 2025)نائب وزیراعظم ووزیر خارجہ اسحاق ڈار کاکہنا ہے کہ تین دریاؤں پر ہمارا حق ہے، بھارت کی جانب سے ہمارا پانی روکا گیا یا رخ موڑا گیا تو اسے اعلان جنگ تصور کیا جائیگا، سندھ طاس معاہدے کو کوئی بھی یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے ساتھ دنیا میں کہیں بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

اب بھارت سے مذاکرات ہوئے تو جامع ہونگے۔بھارت کی جانب سے متضاد بیانات کے پیش نظر پاکستان الرٹ ہے۔بھارت جب بھی کمپوزٹ ڈائیلاگ کرنا چاہے گا ہم تیار ہیں۔ ہم پانی کی ایک بوند بھی چھوڑنے کیلئے تیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ پانی کے معاملے پر ثالثی عدالت میں پاکستان کی پوزیشن بہتر ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو سے ملاقات اور پیر کو ہوئی ٹیلی فون کال کا حوالہ دیتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملاقات بہت مفید رہی۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے تجارت اور ٹیرف پر بھی بات کی۔ ٹیرف پر معاہدے کیلئے وزیر خزانہ امریکہ پہنچ رہے ہیں۔ اگلے دو سے تین دن میں ٹیرف پر معاہدہ طے پا جائے گا۔ ہم نے باور کرایا کہ مذاکرات کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔ ساتھ ہی تجارت اور ٹیرف سے متعلق بھی بات کی گئی۔ اگلے دو تین دنوں میں ٹیرف پر معاہدے طے پائے گا۔ایک اور سوال کے جواب میں نائب وزیراعظم کاکہناتھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارا سرفہرست ایجنڈا ہے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج امن کیلئے کوشاں ہے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق ایک سوال پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ جب آپ ہتھیار اٹھاتے ہیں تو قانون اپنا راستہ بناتا ہے۔بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز عدالتی معاملہ ہے۔بانی پی ٹی آئی پرموجودہ حکومت نے کوئی کیس نہیں بنایا۔دوطرفہ ملاقاتوں کے بارے میں نائب وزیراعظم نے بتایا کہ ان کی سعودی عرب،برطانیہ، بنگلادیش، کویت اور فلسطینی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ میٹنگز ہوئیں۔

اس طرح یو این اجلاس کی سائیڈ لائنز  پر 8 دو طرفہ ملاقاتیں ہوئیں۔ایران سے متعلق سوال پر نائب وزیراعظم نے کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ ایران کی پارلیمنٹ میں تشکر پاکستان کے نعرے لگے۔پاک افغانستان صورتحال پر ردعمل میں نائب وزیراعظم نے کہا کہ وہ 19  اپریل کو افغانستان گئے تھے۔افغان نگراں وزرا سے بات چیت ہوئی۔جو فیصلے ہوئے ان پر 20  اپریل کو عمل درآمد ہوچکا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات