Live Updates

قاسم اور سلیمان احتجاج کیلئے پاکستان نہیں آئیں گے، عمران خان

اڈیالہ جیل میں آج مقدمات کی سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم سے اس بارے میں سوال کیا گیا تھا

Sajid Ali ساجد علی منگل 29 جولائی 2025 17:44

قاسم اور سلیمان احتجاج کیلئے پاکستان نہیں آئیں گے، عمران خان
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان نے اپنے بیٹوں کو احتجاج کے لیے پاکستان آنے سے روک دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں آج مقدمات کی سماعت کے موقع پر عمران خان اور ان کے دو وکلاء سماعت میں شریک ہوئے، اس دوران جب عمران خان سے سوال کیا گیا کہ ’آپ کے بیٹے امریکہ سے واپس جاچکے ہیں اور احتجاجی تحریک کے لیے 5 اگست کی تاریخ قریب ہے تو کیا احتجاج میں آپ کے بیٹے شرکت کریں گے؟‘، اس پر جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نے واضح کیا کہ ’وہ احتجاج کے لیے پاکستان نہیں آئیں گے‘۔

اسی معاملے پر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا کہ قاسم اور سلیمان کی عمران خان سے ملاقات کی اجازت اب تک نہیں ملی، دونوں بیٹوں کی عمران خان سے ملاقات کنفرم ہو جائے اور ہم ملاقات کا آرڈر لیں تو پھر ہی ہم ان کو بلائیں، قاسم اور سلیمان کی والد سے ملاقات ان کا آئینی حق ہے، ہم چاہتے ہیں بیٹوں کی ملاقات میں کوئی قانونی رکاوٹ بھی نہ ہو، اگر ملاقات کی اجازت کا آرڈر آ جائے تو قاسم اور سلیمان کو پاکستان بلائیں لیکن ابھی تو ہماری اپنی ملاقات بھی عمران خان سے نہیں ہونے دی جا رہی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ آج توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت تھی ہمارے پاس عدالت کے احکامات ہونے کے باوجود ہم عمران خان کی بہنوں اور ان کے وکلاء کو اندر نہیں جانے دیا گیا، یہ فئر ٹرائل نہیں ہے اس کے بعد آج ہماری ملاقات ہونی تھی وہ بھی نہیں کرائی گئی، مجھے پچھلے تین مہینے سے جب کہ دوسری دو بہنوں کو دو ہفتوں سے عمران خان سے نہیں ملنے دیا جارہا، انہوں نے عمران خان کی اپنی فیملی کے ساتھ ملاقات بالکل بند کی ہوئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات