بھارت کی طرح اس کی پراکسیز کو بھی ہائبرڈ جنگ میں اسی انجام اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر

بدھ 30 جولائی 2025 16:32

بھارت  کی طرح اس کی پراکسیز کو بھی ہائبرڈ جنگ میں اسی  انجام اور ذلت ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2025ء) چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنشان امتیاز (ملٹری )نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں بھارت کو شکست کی طرح اس کی پراکسیزفتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندستان کو بھی ہائبرڈ جنگ میں اسی طرح کے انجام اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا،دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے متحد قومی ردعمل کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق بدھ کو16ویں قومی ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور قومی ہم آہنگی اور انضمام کے لیے بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ شرکامیں ارکان پارلیمنٹ ، سول سوسائٹی کے نمائندے، سرکاری ملازمین، ماہرین تعلیم، میڈیا کے نمائندے اور نوجوان شامل تھے ۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے دہشت گردپراکسیز کی بھارت کی کھلم کھلا سرپرستی کی شدید مذمت کی اور اسےبلوچستان کے لوگوں کی مضبوط حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ معرکہ حق میں شکست کھانے کے بعد بھارت نے اب اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کے لیے اپنی پراکسی جنگ کو بڑھا دیا ہے، آرمی چیف نےخاص طور پر فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندستان کو پاکستان کے خلاف بھارتی ہائبرڈ جنگ کے پیادوں کے طور پر استعمال کرنے کا حوالہ دیا ۔

آرمی چیف نے کہا کہ ان پراکسیز کو اسی طرح کے انجام اور ذلت کا سامنا کرنا پڑے گا جس ذلت کا سامنا بھارت کومعرکہ حق میں کرنا پڑا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دیا کہ دہشت گرد مذہب، فرقے یا نسل کی کوئی حدود نہیں جانتے، اس لیے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر اجتماعی عزم کے ساتھ متحد ہوکر جواب دینا ضروری ہے۔آرمی چیف نے بلوچستان میں ترقیاتی اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے صوبائی اور قومی ترقی کے مقاصد کے حصول کے لیے اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگ قومی نقطہ نظر کی ضرورت پر دیا ۔ آرمی چیف نےخطے میں امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے قومی تیاری کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔آرمی چیف نےعلاقائی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کا فیصلہ کن جواب دینے، قومی وقار کے تحفظ اور اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قوم کی تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔\932