سندھ حکومت کی پالیسی صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور آزادی اظہار کے اصولوں پر مبنی ہے،شرجیل انعام میمن

ہفتہ 2 اگست 2025 22:16

سندھ حکومت کی پالیسی صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور آزادی اظہار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2025ء) سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن، کی جانب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران کے اعزاز میں کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ایک پروقار ظہرانے کی تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر سعید غنی اور سندھ حکومت کے ترجمان گنہور خان اسران سمعتا افضال سید، سعدیہ جاوید، بلند خان جونیجو، عقربہ فاطمہ، سکھدیو آسرداس ہمنانی،نادر نبیل گبول، تحسین عابدی، مصطفی بلوچ دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور سندھ سے یونین آف جرنلسٹس کے اعلی عہدیداران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت کی پالیسی صحافیوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور آزادی اظہار کے اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام اسپتال پاکستانی شہریوں کے لیے مفت ہیں، حتی کہ ایران، افغانستان اور دیگر ممالک سے بھی مریض سندھ میں علاج کے لیے آتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی صحافی پر حملہ ہو تو ایک سیکنڈ کے اندر بڑے سے بڑے اسپتال میں اس کا علاج کرایا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سیاسی اختلاف نہیں دیکھتے، بس خدمت کرتے ہیں۔شرجیل انعام میمن نے میڈیا انڈسٹری کی حمایت کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کوشش کی کہ میڈیا فرینڈلی رہیں اور میڈیا انڈسٹری کو ترقی دیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ہاسز میں کم از کم اجرت کے قانون پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، یہ ہماری ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی، اور اس فتح کا جشن منانا ایک اعزاز کی بات ہے۔ اب پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے کا فخر اور مزہ ہے۔ آج دنیا میں ہمارے پاسپورٹ کی عزت بڑھی ہے ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ میں 93 ہزار ملازمتیں 100 فیصد شفاف طریقے سے دی گئیں۔ دنیا کا سب سے بڑا ہاسنگ منصوبہ سندھ میں جاری ہے، اور پیپلز پارٹی کی حکومت 21 لاکھ گھر تعمیر کر رہی ہے۔تقریب میں وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ جمہوری معاشرہ آزاد عدلیہ اور آزاد صحافت کے بغیر ممکن نہیں۔ عدالتوں کو فیصلے کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، مگر وہ آزادی آئین کی حدود میں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ادارے آئینی دائرہ کار سے تجاوز کرتے ہیں تو اس کا نقصان ریاست کو ہوتا ہے۔ کچھ لوگ میڈیا کا لبادہ اوڑھ کر اصل میں کچھ اور ہی مقاصد کے لیے سرگرم ہوتے ہیں، جس سے اداروں کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئیڈیل نظام شاید نہیں، لیکن اس نظام کے اندر رہتے ہوئے ہی بہتری لانا ہماری ذمہ داری ہے۔ معاونِ خصوصی رضا ہارون نے اپنے خطاب میں کہا کہ خبروں کے حوالوں میں درستگی اور ذمہ داری ضروری ہے۔

بلاول بھٹو نے سفارتی محاذ پر پاکستان کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جب کہ صدر آصف علی زرداری نے 'پاکستان کھپی' کا نعرہ لگا کر ملک میں مفاہمتی سیاست کو فروغ دیا۔رضا ہارون کا کہنا تھا کہ بعض نادان عناصر، جو پارلیمان میں موجود ہیں، بدقسمتی سے پاکستان دشمن بیانیے کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، لیکن یہ دیکھنا ضروری ہے کہ کون عناصر انتشار پھیلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا ستون ہے، اسے کمزور نہیں ہونے دینا چاہیے۔صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ورکر کلاس کی امیدوں کا مرکز رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مزدور دوست ماحول مہیا کیا، اور گزشتہ 40 برسوں سے اس کے خلاف منفی تاثر قائم کرنے کے لیے باقاعدہ سرمایہ کاری کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے جو مزدور قوانین اور ادارے دیے، وہ آج بھی مزدوروں کا سہارا ہیں۔

انہوں نے سندھ میں صحت کی مفت سہولیات کو دنیا کے کسی بھی فلاحی ریاست سے بہتر قرار دیتے ہوئے بین الصوبائی وفود کے تبادلوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرنے کی تجویز دی۔سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے ارشد انصاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے، چاہے حالات جیسے بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کارکنوں اور شہدا کی جماعت ہے، اور اس نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سے آنے والے صحافیوں نے تھر سمیت سندھ کے چھوٹے شہروں کا دورہ کیا اور صحت سہولیات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مٹھی کا ماحول انہیں مری جیسا محسوس ہوا۔ سائبر نائف ٹیکنالوجی کے ذریعے کینسر کے علاج کو انہوں نے سندھ حکومت کا بڑا کارنامہ قرار دیا۔تقریب میں مظہر عباس نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی جانب سے کبھی بھی صحافیوں کو خبر دینے یا نہ دینے پر دبا نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اصل طاقت ہمیشہ سے مزدور، طلبہ اور ہاری یونینز رہی ہیں۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے معزز مہمانوں کو شیلڈز اور سندھی ثقافت اجرک اور ٹوپی کے تحائف بھی پیش کئی.