لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر ہمارے آبائو اجداد نے 14اگست 1947کو پاکستان بنایا،ڈاکٹرعشرت العباد خان

عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی سفارتی اور تجارتی اہمیت کو دنیا تسلیم کر رہی ہے، ہم متحد قوم ہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت پوری افواج کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں،سربراہ میری پہچان پاکستان کاجشن آزادی اور معرکہ حق کی شاندار تقریب سے خطاب

اتوار 3 اگست 2025 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)سابق گورنر سندھ اورمیری پہچان پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ لاکھوں جانوں کا نذرانہ دے کر ہمارے آبائو اجداد نے 14اگست 1947کو پاکستان بنایا۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے اپنی شاندار بصیرت اور قائدانہ صلاحیت ایک آزاد، خود مختار اور اسلامی ریاست کا خوب شرمندہ تعبیر کیا۔

ہمیں یہ موقع مل کہ ہم اپنی اقدار، ثقافت اور دین کے مطابق اپنی مملکت کے لئے خدمت کرسکیں۔آزادی ایک ایسی نعمت ہے کہ جسکی قدر و قیمت کا احساس ہمیں ہر لمحہ ہوتا ہے۔ یہ آزادی ہمارے آبا اجداد اور لاکھوں پاکستان بنانے کی راہ میں شہید ہونے والوں کی یاد دلاتی ہے۔ ان بزرگوں کی جو اپنا گھر بار، مال اسباب، جائیدادیں سب قربان کردیں۔

(جاری ہے)

تاکہ ہم ایک آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔

معرکہ حق کی شاندار کامیابی اور پاکستان کی افواج کی پیشہ وارانہ خدمات کی بدولت عوام پرجوش و شاندار 78واں جشن آزادی منا رہے ہیں میری پہچان پاکستان کا ہمارا بیانیہ ہی قوم کی یکجہتی کا بیانیہ ہے۔ ہم ایک قوم ہیں پاکستانی قوم بعد میں کچھ اور ہیں۔ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے مذید کہاکہ بھارت کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دے کر ہماری جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کردیا ہے۔

یہ فتح ہماری بہادر افواج، ہماری غیرت مند قوم اور ہمارے مضبوط ارادوں کی علامت ہے۔ اس فتح نے دنیا پر واضع کردیا کہ پاکستان اپنی خود مختاری اور سا لمیت کے دفاع کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی دفاعی سفارتی اور تجارتی اہمیت کو دنیا تسلیم کر رہی ہے۔ ہم متحد قوم ہیں فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت پوری افواج کو سلام تحسین پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات نارتھ ناظم آباد کی شب ہفتہ کے روز میری پہچان پاکستان کے تحت جشن آزادی،اور معرکہ حق کی شاندار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ انتشار کے بجائے ملکی مسائل کو حل کرنے کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ملک کی معیشت کو بہتر بنائیں۔ معیشت کی مضبوطی ترقی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی گڈ گورننس ہی سے ہم پاکستان کی سبقت اور عالمی منظر نامے میں بہتر پوزیشن کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔

فیلڈ مارشل اور سفارتی مشن کی کامیابی نظر آرہی ہے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ بھارت پراکسی وار ہماری کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر کرتا ہے۔ لیکن ہم متحد اور عظیم پاکستانی بنکر ہر سازش کو ناکام بنا سکتے ہیں۔ مجھے خوشی ہے سب سے پہلے ہم نے پورے ملک میں یکم اگست رات بارہ بجے قومی ترانے اور پرچم کشائی سے آغاز کیا۔ پوری قوم میں نیا جزبہ اور امید دیکھ رہا ہوں۔

پاکستان مخالف قوتیں عبرت کا نشان بن رہی ہیں۔ امریکہ نے پاکستان کے ٹیرف میں دس فیصد کمی کرکے ہماری مسلمہ حقیقت کو تسلیم کیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کا صحیح چہرہ دکھایا۔ بھارت مہا دیو آپریشن کے زریعے کشمیری مسلمانوں اور قید مسلمانوں کو شہید کرنے اور پراکسی وار کرکے ہمارے خلاف کوشش کر رہا ہے۔ہماری مسلح افواج پہلے ہی ہر سازش کو آشکار کرچکی تھیں۔

بھارت کو اسکے اپنے لوگ اور اہم عہدوں پر فائز لوگ مودی کا اصل چہرہ دکھا رہے ہیں۔پاکستان امن پسند ملک ہے۔ اسکے سابق وزیر دفاع خود کہہ رہے ہیں کہ پلوامہ بھارتی دہشت گردوں کا کام تھا۔ ہمیں پاکستان کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومتوں کے بیڈ گورننس اور سیاسی جماعتوں کے منفی رویئے سے عدم استحکام کا تصور ملتا ہے۔ جو درست نہیں۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہاکہ جشن آزادی پر عہد کریں کہ مٹھی بھر افراد کی وجہ سے ملک کی تصویر کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔

پاکستان کے نوجوان با صلاحیت ہیں وہ ملک کی تقدیر بدلیں گے۔ ہم ہر اول دستہ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ جو قومیں اپنا جشن آزادی پورے جزبے اور وقار سے مناتی ہیں وہی زندہ قوم ہوتی ہیں۔ پاکستانی قوم انہی قوموں میں سے ہے ہم اپنے ملک کی حفاظت کے لئے متحد ہیں اور قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہپاکستان بننے سے آج تک قوم کے لئے جام شہادت نوش کرنے والی سیکورٹی فورسز اور دہشت گردی کا شکار شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر مرکزی کمیٹی کے اراکین اور ایڈوائزری کونسل کے رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ملی نغمے اور قوالی بھی پیش کی گئیں۔ جو رات گئے تک جاری رہیں۔