کشمیریوں کا جذبہ حریت آج بھی جواں ہے، وزیر اطلاعات

کشمیری بہادر عوام آج بھی ظالم قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر نعرہ بلند کرتے ہیں کہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘، عطاء تارڑ

منگل 5 اگست 2025 18:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اگست2025ء)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا جذبہ حریت آج بھی جواں ہے، کشمیری بہادر عوام آج بھی ظالم قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر نعرہ بلند کرتے ہیں کہ ’’ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے‘‘۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تمام تر مظالم اور بھارتی ریاستی جبر کے باوجود کشمیری عوام کا جذبہ حریت آج بھی جواں ہے، کشمیری عوام بہادری، حوصلے اور استقامت کے ساتھ ظالم قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر یہ نعرہ بلند کرتے ہیں کہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی نے اپنی لازوال قربانی سے لاکھوں کشمیری نوجوانوں کے دلوں میں تحریک آزادی کیلئے نئی روح پھونکی جب اس نوجوان کو بھارتی قابض افواج نے شہید کیا تو اسے پاکستانی سبز ہلالی پرچم میں سپرد خاک کیا گیا۔

(جاری ہے)

آج بھی کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد تدفین اسی پرچم میں کی جاتی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیریوں کا دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کی اور یہ اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ جبر و تشدد کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا لے گا حالانکہ تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ ایسے تمام ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبے کو مزید جلا بخشتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت ہر صورت میں مل کر رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نریندر مودی کی حکومت جتنا ظلم بڑھاتی ہے، کشمیریوں کا جذبہ اور حوصلہ اتنا ہی مضبوط ہوتا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیا مودی سرکار نے اس سال مئی میں پاکستانی قوم کو آزما کر دیکھ نہیں لیا معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں پوری پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی، ہم نے صرف ان کے جہاز نہیں گرائے، مودی کا غرور اور گھمنڈ گرایا ہے، بھارت کی جنوبی ایشیا کا تھانیدار بننے کی ناپاک خواہش خاک میں مل گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر فورم پر کشمیر کاز کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا، افواج پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ایک مربوط، جامع اور موثر حکمت عملی اپنائی جس کے نتیجے میں پاکستان ہر محاذ پر سرخرو ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس ایوان سے بھارت کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کی آزادی کی تحریک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے اور انشاء اللہ کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ آج کا دن ایک ہی پیغام دے رہا ہے کہ کشمیریوں کا استحصال ہوا ہے اور یہ ایوان بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے۔