پانچ اگست کشمیری عوام کے حقوق پر بھارتی شب خون کا دن ہے، علی مدد جتک

منگل 5 اگست 2025 22:27

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء اور رکن بلوچستان اسمبلی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پانچ اگست 2019 کا دن بھارت کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت پر حملے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کا دن ہے، جسے تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔یوم استحصال کشمیر پوری پاکستانی قوم کے لیے کشمیری عوام سے تجدیدِ عہدِ یکجہتی کا دن ہے اور پیپلز پارٹی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے ویژن کے مطابق ہر حال میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔

اپنے جاری کردہ بیان میں علی مدد جتک نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35A ختم کر کے مقبوضہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ مزید مستحکم کرنے کی کوشش کی، مگر کشمیری عوام آج بھی پوری جرأت و استقامت کے ساتھ اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، ماورائے عدالت قتل، خواتین کی بے حرمتی اور نوجوانوں کی جبری گمشدگیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک چیلنج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیر مشروط حمایت کی ہے اور شہید بھٹو کا یہ قول کہ ’’ہم کشمیر کے لیے ہزار سال تک جنگ لڑیں گے‘‘ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ علی مدد جتک نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے پانچ اگست کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروائیں۔

علی مدد جتک نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے ہر سال پانچ اگست کو یوم استحصال بھرپور طریقے سے مناتے ہیں تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، آزادی کی صبح ضرور طلوع ہوگی اور بھارت کو بالآخر کشمیر سے اپنا قبضہ ختم کرنا پڑے گا۔