آزادی کشمیر کا سورج طلوع ہونے کو ہے، ظلم کی سیاہ رات بالآخر رخصت ہوجائے گی،فرح ناز اکبر

,کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کا رشتہ قربانی کاہے،بھارت فوری طورپر آرٹیکل370 اور35اے کی بحالی کا اعلان کرے،مسلم لیگی رہنما ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم د*یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے نکالی گئی اظہاریکجہتی کشمیرریلی سے خطاب

جمعرات 7 اگست 2025 23:36

ًاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اگست2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد کے زیراہتمام مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے یوم استحصال کشمیر کے موقع پراسلام آباد میں ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء سے صدرمسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد ورکن قومی اسمبلی ووفاقی پارلیمانی سیکرٹری تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ وقومی ورثہ فرح ناز اکبر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 5اگست2019کو کشمیر کی آئینی حیثیت چھیننے پر6سال مکمل ہوگئے ہیں،ریلی کا مقصد عالمی برادری کو کشمیر کی جدوجہد آزادی کی یاددہانی کرانا تھا،پاکستانی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،پوری قوم نے یوم استحصال کشمیر انتہائی جوش وجذبے اورقومی غیرت کے ساتھ منایا،کشمیری عوام سے اظہاریکجہتی ،افواج پاکستان کو خراج تحسین اور شہداء وطن کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت کا خیال تھاکہ حکومت پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی مسلسل سیاسی سفارتی اوراخلاقی حمایت کی ہے اور یہ تحریک آزادی کے حصول تک جاری رہے گی، بھارت غیر کشمیریوں کی آباد کاری کرکے مسلم آبادی کا توازن بگاڑنے کی کوشش نہ کرے ،کشمیرپاکستان کی شہ رگ ہے اس کی آزادی اور مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی ظلم و بربریت کے خلاف اقوام متحدہ سمیت دنیاکے ہرفورم پر آوازبلندکی جائے گی،شہداء ہمارے ماتھے کے جھومر ہیں ،ان جوان بیٹوں نے شہریوں کے جان ومال کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی جانوںکا نذرانے پیش کیا،اُن کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اورمائوں کے قابل فخر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھاجائے گا۔

مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے مزیدکہاکہ5اگست 2019ء کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کے غیر قانونی خاتمے نے ایک نئے دور کے ریاستی ظلم و ستم کو جنم دیا جوناقابل برداشت ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیاجاسکتا،آج 6سال گزرنے کے باوجود مقبوضہ کشمیر بدستور ایک کھلی جیل کامنظر پیش کررہاہے،جہاں نہ آزادی اظہار ہے نہ مذہبی آزادی نہ ہی انسانی حقوق کااحترام، کشمیری عوام مسلسل بھارتی فوجی محاصرے ،جبری گرفتاریوں ،ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کاشکار ہیں،بھارتی اقدامات نہ صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ عالمی ضمیر کیلئے ایک بڑاامتحان بھی ہے،کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق خودارادیت سے محروم رکھنا انسانی حقوق کی صریحا"خلاف ورزی ہے جس پر عالمی برادری کو خاموش تماشائی بننے کے بجائے موثر اور عملی اقدامات کرناہوں گے اوربھارت فوری طورپر آرٹیکل370 اور35اے کی بحالی کا اعلان کرے۔