سندھ کے عظیم صوفی بزرگ شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کا عرس، گونر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے مزار پر فاتحہ خوانی اور چادر چڑھا کر افتتاح کیا

ہفتہ 9 اگست 2025 13:51

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2025ء) سندھ کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے 282ویں عرس کا افتتاح گونر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے مزار پر فاتحہ خوانی اور چادر چڑھا کر کیا، اس موقع پر وزیر ثقافت و سیاحت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر کے پی کے نے مزار کے احاطے میں شاہ کا راگ سنا، غریب خواتین میں کپڑے اور تحائف تقسیم کیے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے باوجود ہمیشہ امن کا پیغام دیا اور کشمیری عوام کے حق میں سفارتی محاذ پر بھرپور جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کی عسکری اور معاشی صلاحیتوں کو کمزور سمجھ کر جارحیت کی کوشش کی مگر پاک فضائیہ نے منٹوں میں بھرپور جواب دے کر دشمن کو خاموش کر دیا۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ جنگ کے دوران سندھ سے چترال تک پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی اور شہدا نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ پیش کر کے بھارت کو سفارتی طور پر تنہا کیا، پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جبکہ بھارتی میڈیا تضاد بیانی کا شکار رہا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز، پولیس اور عوام کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ عوام پی ٹی آئی کے بیانیے کو مسترد کر چکے ہیں، ریاستی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو سخت سزائیں دینا ضروری ہے تاکہ مؤثر نظامِ سزا و جزا قائم ہو۔ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت گرانے کی کوئی سازش نہیں ہو رہی، تاہم اپوزیشن کے پاس آئینی حق موجود ہے۔

ان کے مطابق پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت عوامی حمایت کھو چکی ہے، ان کے جلسے جلوس ناکام ہو رہے ہیں ، قوم ترقی، امن اور استحکام چاہتی ہے۔ اس موقع پر وزیر ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق، امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا اور سب کو متحد رہنے کا درس دیا۔ انہوں نے بتایا کہ عرس کے دوسرے روز وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی شرکت کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ عرس جشنِ آزادی کے ایام میں منعقد ہو رہا ہے جس سے اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اجرک سندھ کی ثقافتی پہچان ہے اور یہ عزت و محبت کے اظہار کے طور پر پیش کی جاتی ہے۔ بعدازاں گونر خیبرپختونخواہ نے شاہ جو باغ میں کلچرل ولیج کا افتتاح کیا، دستکاری کے سٹالز کا معائنہ کیا، ثقافتی گوٹھ میں بیٹھ کر کچہری کی اور لوک موسیقی سے محظوظ ہوئے۔ انہوں نے ایچ ٹی سورلی ہال بھٹ شاہ کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ، ایس ایس پی اعجاز میمن اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔\932