پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دی، پیپلز پارٹی

ہر مذہب کے ماننے والوں کو برابر مواقع دینا پیپلز پارٹی کا مشن ہے،پیپلز پارٹی کا نظریہ قائد اعظم اور وزیر عوام کے عوامی جمہوری فلاحی مملکت کا نظریہ ہے، مہرین بھٹو ، شازیہ مری ، سلیم مانڈی والا ، شیری رحمن ، نفیسہ شاہ ، شازیہ مری و دیگر کا پیغام

پیر 11 اگست 2025 18:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہاہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دی، ہر مذہب کے ماننے والوں کو برابر مواقع دینا پیپلز پارٹی کا مشن ہے،پیپلز پارٹی کا نظریہ قائد اعظم اور وزیر عوام کے عوامی جمہوری فلاحی مملکت کا نظریہ ہے۔ اپنے بیان میں ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پہلی بار اقلیتیوں کو مساوی سیاسی نمائندگی دی، محترمہ بینظیر بھٹو نے اقلیتوں کے لیے وزارتیں اور اعلیٰ عہدے مختص کیے۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کے لیے خصوصی کوٹہ سسٹم متعارف کرایا، ہر مذہب کے ماننے والوں کو برابر مواقع دینا پیپلز پارٹی کا مشن ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا سفر سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہے، اقلیتوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اقلیتی برادری پاکستان کے مضبوط اور روشن مستقبل کا حصہ ہے، ہر شہری کو برابر کے مواقع دینا ہمارا عزم ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کا سفر سب کو ساتھ لے کر چلنے کا ہے، اقلیتیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز سید نیر حسین بخاری نے کہاکہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 11اگست کا خطاب بلاتفریق بلاامتیاز ہر شہری کے برابر آئینی حقوق کی ضمانت ہے۔انہوںنے کہاکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے دور صدارت میں۔

11اگست اقلیتوں کا قومی دن قرار دیا ۔ انہوںنے کہاکہ تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان اور تعمیر پاکستان میں اقلیتی برادری کا مثالی اور شاندار کردار ہے۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتی پاکستانی بھائیوں کی سرکاری و سول شعبہ جات بالخصوص تعلیم وصحت کے شعبے میں۔ گراں قدر خدمات ہیں۔انہوںنے کہاکہ قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں بانی چیئرمین پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو شہید نے پیپلز پارٹی پلیٹ فارم سے اقلیتی برادری عہدیداریاں دیں۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید نے 73کے آئین میں ہر شہری کو برابر اور مساوی حقوق کی ضمانت دی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پارلیمان میں اقلیتی نشستیں بڑھائیں اور وفاقی صوبائی کابینہ میں نمائندگی دی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی کا نظریہ قائد اعظم اور وزیر عوام کے عوامی جمہوری فلاحی مملکت کا نظریہ ہے، آج 25کروڑ پاکستانیوں کا ہمارا پاکستان پیارا پاکستان تجدید عہد کا دن ہے۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ انہوںنے کہاکہ 2009 میں صدر آصف علی زرداری نے قائد اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کی تقریر کو اجاگر کرنے کیلئے 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منانے کا اعلان کیا۔ شیری رحمن نے کہاکہ 11 اگست 1947کی تقریر میں قائداعظم نے اقلیتوں کے حقوق اور مکمل آزادی کی بات کی تھی۔

انہوںنے کہاکہ لہذا ان کا تحفظ اور حقوق ریاست پاکستان اور ہر حکومت کی ذمہ داری ہے، شہریوں کا بھی اخلاقی فرض ہے کہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کا احترام کریں۔ انہوںنے کہاکہ قائد اعظم کا پاکستان کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کا آئین اقلیتوں کو برابر کا شہری تسلیم کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے اپنے عزم پر قائم ہے۔

اقلیتوں کے قومی دن پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ پاکستان کی خوبصورتی اس کی مختلف شناختوں میں جھلکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مذہبی آزادی اور برابری ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوںنے کہاکہ بانی پاکستان کا وژن سب کے لیے یکساں مواقع تھا۔ انہوںنے کہاکہ شہید بھٹو نے آئین میں ہر شہری کے مساوی حقوق کو یقینی بنایا۔

انہوںنے کہاکہ اقلیتی برادری نے ہر شعبے میں شاندار خدمات انجام دی ہیں، انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ اقلیتوں کے تحفظ اور فلاح کے لیے آواز بلند کی۔ سلیم مانڈوی والا نے کہاکہ پیپلز پارٹی سب شہریوں کو مساوی عزت دینے کی حامی ہے۔ انہوںنے کہاکہ نفرت اور تعصب سے پاک معاشرہ ہی ترقی کی ضمانت ہے۔ پی پی پی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ ملک کی ترقی، اتحاد اور استحکام میں اقلیتی برادریوں نے ہمیشہ انمول کردار ادا کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ قائداعظم کا خواب تھا کہ پاکستان میں مذہب، ذات یا عقیدے کی بنیاد پر کسی شہری سے امتیاز نہیں برتا جائے گا، بابائے قوم نے ایسے پاکستان کا تصور پیش کیا تھا جہاں تمام شہریوں کو مساوی حقوق، وقار اور آزادی حاصل ہونگے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مضبوط مؤقف اپنایا ہے، بھٹو شہید اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مذہبی ہم آہنگی اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے انتھک جدوجہد کی۔

انہوںنے کہاکہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے سابقہ دورِ صدارت میں 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن قرار دیا، پیپلز پارٹی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وڑن پر سختی سے کاربند ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر ملک بھر میں بسنے والی تمام مذہبی و لسانی اقلیتوں کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی خوشحالی و ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون نے تمام شہریوں کو بلا امتیاز مساوی حقوق فراہم کیے ہیں اور قومی سطح پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، فروغ اور عملی نفاذ کے لیے مؤثر قانون سازی عمل میں لائی گئی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی ترقی، استحکام اور ہم آہنگی میں اقلیتوں کا کردار نہایت اہم اور قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اقلیتوں کی خدمات ہمیشہ نمایاں رہی ہیں اور خصوصاً پارلیمانی سطح پر اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بھی بھرپور نمائندگی فراہم کی گئی ہے، جو کہ جمہوری اقدار اور شمولیتی طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین نہ صرف اقلیتوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے بلکہ اس پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ریاستی اداروں کو واضح رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ سینیٹ آف پاکستان نے بھی اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور ان کے مساوی مواقع کے لیے متعدد قوانین اور اقدامات کیے ہیں۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ بین المذاہب رواداری، احترام اور قومی یکجہتی ہی وہ بنیادیں ہیں جن پر ایک مضبوط اور پرامن پاکستان کی تعمیر ممکن ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایوان بالا اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔مرکزی ترجمان پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز شازیہ مری نے کہاکہ قائداعظم کے تصور کے تحت ہر شہری کو برابری، ہم آہنگی اور باہمی احترام کا حق حاصل ہے۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتی برادریوں کی خدمات اور کردار کا اعتراف کرتے ہیں، صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دور صدارت میں 11اگست کو بطور ’’اقلیتوں کا قومی دن‘‘قرار دیا۔

شازیہ مری نے کہاکہ مقصد پاکستان کی تشکیل اور تعمیر میں اقلیتوں کے انمول کردار کو تسلیم کیا جا سکے، اقلیتوں کی حب الوطنی پوری قوم کے لیے باعث افتخار ہے۔انہوںنے کہاکہ آئین اقلیتوں کے سیاسی، اقتصادی، مذہبی، سماجی اور ثقافتی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی تعصب سے پاک معاشرے کی تشکیل کا تہیہ کیے ہوئے ہے، باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور مشترکہ ترقی کی بنیاد پر معاشرہ قائم کرنے کیلے پرعزم ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے کام جاری رکھے گی، خوشحال پاکستان کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کا فروغ ضروری ہے۔پاکستان پیپلزپارٹی ہیومن رائٹس سیل کی جنرل سیکرٹری ملائکہ رضا ٰنے کہاکہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ ملائکہ رضا نے کہاکہ آئینِ پاکستان تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دیتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بنیاد رکھی۔ انہوںنے کہاکہ شہید بینظیر بھٹو نے ہر فورم پر اقلیتوں کی آواز بلند کی۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقلیتی ایم این اے، سینیٹرز اور ایم پی ایز کو ایوان میں نمائندگی دی۔ ملائکہ رضا نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ اقلیتوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے،نفرت اور تعصب کو شکست دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ملائکہ رضا نے کہاکہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی مذہبی و ثقافتی ہم آہنگی میں ہے۔ ملائکہ رضانے کہاکہ ہم اقلیتوں کی وفاقی، صوبائی اور مقامی سطح پر نمائندگی بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کے معاشی بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ ملائکہ رضا نے کہاکہ مذہبی قوانین کے غلط استعمال سے تحفظ فراہم کیا جائے۔

انہوںنے کہاکہ پالیسی سازی میں اقلیتوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ ہم آئین کے آرٹیکلز 41 اور 91 میں ترمیم کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتوں کو صدر اور وزیرِاعظم کے عہدوں کے لیے انتخاب لڑنے کا حق دیا جائے۔ 11 اگست اقلیتوں کے قومی دن پر پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے کہاکہ پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتی برادریوں کو قومی دن کی دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ندیم افضل چن نے کہاکہ 11 اگست کو اقلیتوں کے کردار اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن مانا جانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم کا وڑن تھا کہ تمام شہری یکساں آزادی اور مواقع کے ساتھ زندگی گزاریں۔ انہوںنے کہاکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور میں آئینی و قانونی اصلاحات سے اقلیتوں کے حقوق کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ انہوںنے کہاکہ شہید بینظیر بھٹو نے حکومت اور اپوزیشن، دونوں حیثیتوں میں اقلیتوں کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتی برادری کے نمائندوں کو ایوان میں پہنچا کر ان کی سیاسی آواز کو مضبوط کیا۔ انہوںنے کہاکہ ایوان میں اقلیتی نمائندگی بڑھا کر پیپلز پارٹی نے عملی طور پر شمولیتی جمہوریت کی مثال قائم کی۔ ندیم افضل چن نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا عزم ہے کہ پاکستان میں کسی شہری کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر امتیاز نہ ہو۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی ہر دور میں اقلیتوں کے تحفظ اور احترام کی علمبردار رہی ہے،عدم برداشت اور تعصب سے پاک معاشرہ ہی پاکستان کی اصل پہچان ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے اپنے بیان میں کہاکہ اقلیتیں پاکستان کا فخر اور ملک کی تعمیر میں مضبوط ستون ہیں، قائداعظم محمد علی جناح کا پاکستان سب کے لیے برابر کے حقوق، مذہبی آزادی اور سماجی انصاف کی ضمانت دیتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کا دفاع کیا ہے، پیپلز پارٹی قیادت نے ہر دور میں عملی اقدامات کے ذریعے اقلیتوں کو بااختیار بنایا۔رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ اقلیتی برادری کی وطن سے بے حد محبت ملک کے لئے ایک فخر کا مقام ہے، اقلیتی برادری نے ہر شعبہ میں اپنی محنت اور شاندار کارکردگی دکھائی ہے، ہمیں پاکستان کو ایک ایسا ملک بنانا ہے جہاں ہر کسی کو عزت و احترام دیا جائے۔بلاول بھٹو زرداری نے اقلیتی عوام کو ہر حقوق فراہم کئے، ہمیں قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔