محدود وسائل کے باوجود ہر طبقے کے مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی خدمات پیش کرنے کے لئے پرعزم ہیں ، حنیف عباسی

بدھ 13 اگست 2025 19:51

محدود وسائل کے باوجود ہر طبقے کے مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی خدمات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود ہر طبقے کے مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی خدمات پیش کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات کے دوران قانون ساز کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بڑے سٹیشنز راولپنڈی سٹی، کینٹ، رائیونڈ، خانیوال اور ملتان پر مسافروں کی سہولیات کو کافی حد تک اپ گریڈ کیا گیا ہے جو اب صفائی، بیت الخلا کی سہولیات اور ویٹنگ ایریاز کے جدید معیار کے مطابق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور کی طرح کراچی میں بھی ریلوے سٹیشن کو اپ گریڈ کر رہے ہیں جس کا 10 ستمبر کو افتتاح کیا جائے گا۔ اس کے بعد حیدرآباد، سکھر اور فیصل آباد کے سٹیشز کا 30 ستمبر کو افتتاح کیا جائے گا، 31 دسمبر 2025 تک تمام بڑے سٹیشنوں اور جون 2026 تک تمام چھوٹے سٹیشنوں کو اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ہر طبقے کے مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی خدمات پیش کرنے کے لئے پرعزم ہیں ۔

مال بردار خدمات کے بارے میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ رولنگ سٹاک اور ویگنوں کی کمی کے باوجود پاکستان ریلویز نے سندھ سے شروع ہونے والے ایک موثر ملک گیر کارگو نیٹ ورک کو چلانے میں کامیاب کیا جس سے گزشتہ سال میں نمایاں آمدنی ہوئی،مال برداری دنیا بھر میں ریل کے نظام کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اب ہم اس حصے میں بھی تبدیلی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

حنیف عباسی نے مزید کہا کہ نارووال سیکشن نے 12 سال کے وقفہ کے بعد دوبارہ کام شروع کر دیا ہے اور موسیٰ پاک ایکسپریس کو ملتان سے بحال کر دیا گیا ہے، پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں کے ساتھ مزید راستوں کی بہتری اور بحالی کے لئے تعاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم منقطع راستوں کو بحال کرنے کے لئے سندھ اور پنجاب حکومت کے ساتھ معاہدوں پر کام کر رہے ہیں اور اس ماہ وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ بات چیت جاری ہے، بلوچستان کے ساتھ اسی طرح کے تعاون نے شیخ زید سے کچلاک تک 50 کلومیٹر کی بلندی کو ممکن بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے جب سے عہدہ سنبھالا ہے خدمت کے تین اہم شعبوں وقت کی پابندی، صفائی اور کھانے کے معیار پر توجہ مرکوز کی، ان کوششوں سے قابلِ ستائش بہتری آئی ہے، وقت کی پابندی اب لاہور-راولپنڈی جیسے مخصوص راستوں پر 90 سے 95 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ماس ٹرانزٹ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ پاکستان ریلویز کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) یا لاہور میٹرو جیسے منصوبوں میں براہ راست ملوث نہیں ہے کیونکہ ایسے اقدامات اب 18ویں ترمیم کے بعد صوبائی دائرہ اختیار میں آتے ہیں تاہم جب درخواست کی جائے تو وزارت تکنیکی مدد فراہم کرنے کے لئے دستیاب ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ افغانستان اور قازقستان کے ذریعے روس اور یورپ تک ریل کی سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف نے بہت محنت کی اور پی ڈی ایم دور حکومت میں انہوں نے قازقستان کا دورہ کیا اور یہ ڈیوٹی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ذمہ لگائی، میں اور اسحاق ڈار افغانستان کے دورہ پر گئے جہاں ہم نے قازقستان اور افغانستان کے وزیر خارجہ سے باضابطہ معاہدہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ ٹرین کوہاٹ سے مزار شریف براستہ خرلاچی تک اور قازقستان بارڈر تک جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ازبکستان کے اندر 75 کلومیٹر کا ٹریک موجود ہے ، یہ منصوبہ 10 ملین ڈالر کا ہے ، موجودہ بجٹ میں ہم نے 5 ملین ڈالر ارب ڈالر مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی 77 سالہ تاریخ کے جدید ترین اسٹیشن کا افتتاح 10 ستمبر کو کراچی میں ہوگا۔