آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 78ویں جشن آزادی ومعرکہ حق کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا

مئی 2025 میں بھارت کی شکست کیساتھ ہی ایک نیا پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر چکا ہے جس کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے،قائمقام چیف جسٹس

جمعرات 14 اگست 2025 14:47

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 78ویں جشن آزادی ومعرکہ حق کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پرقائمقام چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس خواجہ محمد نسیم نے پرچم کشائی کی۔ جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین، ججز عدالت العالیہ جسٹس شاہد بہاراورجسٹس سردار محمد اعجازبھی اس موقع پر قائمقام چیف جسٹس کے ہمراہ تھے۔

پرچم کشائی کے بعد آزادکشمیر پولیس کے چاق وچوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔پرچم کشائی کی تقریب میں کسٹوڈین جائیداد متروکہ چوہدری خالد یوسف، چیئرمین اپیلنٹ ٹربیونل ان لینڈ ریو نیو شیخ راشد مجید،جج الیکشن ٹربیونل حافظ محمد اکرم،ممبر سروس ٹربیونل کوکب صباء روحی،بار کونسل، سپریم کورٹ بار، ہائی کورٹ بار،صدر سنٹرل بار کے عہدیداران،وکلاء اور سپریم کورٹ وہائی کورٹ کے سٹاف نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع قائمقام چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ آج میں پوری پاکستانی قوم اور آزاد جموں و کشمیر د بھارتی مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں بہنوں اور بچوں کو اسلامی جمہور یہ پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم سب کے لئے آج یوم تشکر اور نہایت ہی خوشی اور تجدید عہد کا دن ہے۔

مئی 2025 میں بھارت کی شکست کے ساتھ ہی الحمد للہ ایک نیا پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر چکا ہے جس کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔۔ بھارتی مکار ہندو توا حکومت اور نام نہاد جمہوریت کو بے نقاب کرنے اور اربوں ڈالر کی معیشت رکھنے والے دفاعی نظام کو اللہ تعالی کی مدد اور نصرت سے پوری دنیا میں ایکسپوز کرنے پر ہم سب پاکستان کی حکومت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور جوانوں کو یوم آزادی کے موقع پر سلام پیش کرتے ہیں اور دلی مبارکباد خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت مسئلہ کشمیر ایک بار پھر سے اقوام عالم کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنی قرار دادوں میں کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیا ہے۔ پاکستان ان قراردادوں کی مکمل حمایت کرتا ہے لیکن بھارت اپنی طاقت کے بل پر مقبوضہ کشمیر پر غیر قانونی طور پر قابض ہے۔ کشمیری کبھی بھی بھارت کے ساتھ نہیں رہ سکتے۔ ہماری ایک بھی قدر بھارت کے ساتھ مشترک نہیں ہے۔ بھارت کبھی آئین میں غیر قانونی تبدیلی کا سہارا لے کر اور کبھی کشمیر کے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر کے کشمیر پر اپنا غیر قانونی اور ناجائز قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے جو بھارت کی انتہائی بزدلانہ حرکت ہے جس کو پوری دنیا میں نفرت اور حقارت سے دیکھا جا رہا ہے۔

کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ محبت اور وابستگی ایک تاریخی حقیقت ہے اور یہی وجہ ہے کہ کشمیری نوجوان پاکستان کے قومی پرچم کو اپنا لباس بنا کر دفن ہونا پسند کرتے ہیں۔ معرکہ بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی پر ہم سجدہ شکر بجالاتے ہیں۔ اس تاریخی کامیابی سے کشمیری قوم کا اعتماد اور حوصلہ کئی گنا زیادہ ہوا ہے اور پاکستان کے ساتھ محبت اور اخوت کا رشتہ اور بھی زیادہ مضبوط اور گہرا ہو گیا ہے۔

میں اس موقع پر حالیہ بھارتی جارحیت میں شہید ہونے والے مسلح افواج کے جوانوں اور تمام شہید سویلین شہریوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے ساتھ ساتھ اس جنگ کے غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انشاء اللہ ایک دن ضرور آئے گا جب بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوں گی اور وہ دن دور نہیں ہے۔ میر ابس ایک ہی پیغام ہے کہ پوری قوم کو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ہر وقت بھارت جیسے مکار دشمن کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔

ہمارے نوجوانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ ہو کر ملک و ملت کے لئے وقف ہو جانا چاہیے تا کہ قائد اعظم کا پاکستان پہلے سے بھی زیادہ مضبوط اور ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو۔78ویں یوم آزادی ومعرکہ حق کے موقع پر قائمقام چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس خواجہ محمد نسیم نے ججز صاحبان اور وکلاء کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا۔ تقریب میں مبارک اعوان گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول چھتر کی طالبات نے ملی نغمے پیش کیے۔ اس موقع پر ملک کے استحکام،سلامتی، کشمیر کی آزادی اور شہدا باالخصوص شہدائے بنیان المرصوص کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔