پاکستان کی افواج نے دس مئی کو بھارت کے طیارے گرائے تھے اسی طرح اب پاکستان کے آئی ٹی ایکسپرٹ بھارتی آئی ٹی ایکسپورٹ گرائیں گے،گورنرسندھ

سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے میگا آئی ٹی ایگزام میں آج جو نوجوان نشستوں کی کمی کی وجہ سے داخلے سے محروم رہیں گے انہیں گورنر ہاوس کے آئی ٹی پروگرام میں داخلے دیئے جائیں گے،کامران ٹیسوری

اتوار 31 اگست 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج نے دس مئی کو بھارت کے طیارے گرائے تھے اسی طرح اب پاکستان کے آئی ٹی ایکسپرٹ نوجوان بھارت کی آئی ٹی ایکسپورٹ گرائیں گے۔ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے میگا آئی ٹی ایگزام میں آج جو نوجوان نشستوں کی کمی کی وجہ سے داخلے سے محروم رہیں گے انہیں گورنر ہاوس کے آئی ٹی پروگرام میں داخلے دیئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم (ہاکی کلب آف پاکستان) میں سیلانی کے میگا آئی ٹی ایگزام کے موقع پر کیا۔ ٹیسٹ میں دس ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے شرکت کی جبکہ آن لائن رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد انیس ہزار سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے سیلانی ویلفیئر کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری، سیلانی کے شعبہ تعلیم کے سربراہ افضل چامڑیہ، معروف بزنس مین حمزہ تابانی، اسلم شیخ ،سی او او سیلانی محمد غزال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے نوجوانوں کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے 24 دبئی کے ٹکٹس دینے کا اعلان کیا، گورنر سندھ نے تقریب میں شریک ایک طالبہ کو انعام کے طور پر عمرہ کا ٹکٹ بھی دیا، انہوں نے نوجوانوں کے پاس جا کر ان کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ آئی ٹی تعلیم کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے گورنر ہاوس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ نوجوان اپنے پیروں پر کھڑے ہوں، انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔

گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نوجوان گٹکا ماوا کھانے اور وقت ضائع کرنے سے بچیں۔ اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔ مولانا بشیر فاروقی نے جو مشن شروع کیا ہے ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمیشہ بڑا سوچیں گے تو بل گیٹس سے بڑا نام پیدا کریں گے۔انہوں نے اس موقع پر شرکا کو تاکید کی کہ وہ گھر گھر میلاد مصطفی کی محفلیں سجائیں ۔12 ربیع الاول کے حوالے سے نوجوانوں کو اگلے ماہ دبئی میں ہونے والے آئی ٹی کی سب سے بڑی ایکسپو جائیٹیکس میں بھیجا جائے گا۔

گورنر ہاوس سے جو آئی ٹی ایکسپرٹ پیدا ہونگے انہیں امریکی کمپنی میںلاکھوں روپے ماہانہ کی ملازمت دلائی جائے گی۔قبل ازیں سیلانی کے بانی مولانا بشیر فاروق قادری نے اپنے خطاب میںکہا کہ سیلانی نے اس تصور کو غلط ثابت کردیا کہ مفت تعلیم والے بچے بڑا نام پیدا نہیں کرتے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تعلیم اور ہنر کے حصول کی ہدایت کی ہے ۔

ہم اسی سنت پر عمل کررہے ہیں۔ہمارا مشن ایک کروڑ نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دینا اور 100 ارب ڈالر تک آئی ٹی کی ایکسپورٹ کو پہنچانا ہے۔انہوںنے کہا کہ سری لنکا کا معاشی بحران اس لیے سنبھل گیا کہ وہاںخواندگی کا تناسب بہت اچھا ہے۔جس سے ثابت ہوتا ہے کہ تعلیم یافتہ قومیں آگے بڑھ جاتی ہیں۔سیلانی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اسے امریکی ٹاپ آئی ٹی کمپنی نے یوروپ بلاکر ایوارڈ دیا انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ نقل کلچر سے بچیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیلانی کے تحت تھیلیسمیا پر قابو پانے کے لیے نوجوانوں کے مفت بلڈ ٹیسٹ کیے جارہے ہیںتاکہ شادی سے پہلے لڑکے یا لڑکی کو پتا ہو خدانخواستہ اگر وہ تھیلیسمیا مائنر ہے تو ہونے والا لائف پارٹنر مائنر نہ ہو۔افضل چامڑیہ ، حمزہ تابانی اوراسلم شیخ نے اپنے خطاب میںنوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ ہر گز مایو س نہ ہوں، ایک بہترین مستقبل آپ کا منتظر ہے۔ اس ملک میںکوئی کمی نہیں صرف آپ کو دیانت داری سے محنت کرنی ہے۔محمد غزال نے گورنر سندھ کی کوششوں پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔