Live Updates

قوم مشکل وقت میں متحد ہو جاتی ہے، قدرتی آفات کے دوران ہم عزم و جذبے سے نکلنے میں کامیاب ہوئے، انجینئر امیر مقام

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:10

بونیر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم مشکل وقت میں متحد ہو جاتی ہے، ہم نے بڑے قدرتی آفات کا سامنا کیا اور عزم و جذبے سے تمام بحرانوں سے نکلنے میں کامیاب ہوئے، متاثرین کی آباد کاری تک ہر ممکن تعاون کریں گے۔

جمعہ کو بونیر میں سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ 2005 میں شدید زلزلہ آیا جس میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی تاہم قوم نے ایک جذبے کے تحت اس کا مقابلہ کیا۔ اسی طرح 2010 میں سیلاب آیا جس نے سندھ تک تباہی مچائی مگر قوم نے عزم اور جذبے سے اس کا بھی مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

2022 میں سیلاب آیا جس میں پورے ملک میں تباہی ہوئی، بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان تمام علاقوں میں نقصانات ہوئے، قوم نے اس پر بھی قابو پا لیا۔

میں نے اس وقت وزیراعظم کے ساتھ کام کیا، ان میں دکھ درد دیکھا، وہ تمام علاقوں میں پہنچیں۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران بھی وزیراعظم چین میں ہوتے ہوئے بھی روزانہ صورتحال پر بریفنگ لیتے رہے، اجلاس منعقد کرتے رہے اور لوگوں کی ریلیف کےلیے ہدایات دیتے رہے۔کل کے اجلاس میں مجھے کہا گیا کہ افغانستان میں جو زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصانات ہوئے، وہ بھی ہمارے پڑوسی اور بہن بھائی ہیں، ان کو امدادی سامان پہنچائیں۔

ہم نے یہاں پر سیلاب کے نقصانات کے باوجود افغان متاثرین کےلیے امدادی سامان حوالے کر دیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ جب خیبر پختونخوا میں سیلاب آیا تو میں نے آپ کے بھائی، وفاقی حکومت اور وزیراعظم کے نمائندہ ہونے کے ناطے اپنا فریضہ ادا کیا اور آپ کے ساتھ کھڑا رہا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد یہاں پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ ریلیف سامان کے علاوہ کس چیز کی فوری ضرورت ہے۔

تو انہوں نے کہا کہ بجلی کی فوری بحالی ضروری ہے، میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری صاحب کا مشکور ہوں کہ وہ یہاں خود بھی آئے، میں نے خود بھی نگرانی کی اور بجلی کو مہینوں کی بجائے کچھ ہی دنوں میں بحالی کیا،پی ٹی اے والوں سے نیٹ ورک کی بحالی کےلیے کہا گیا اور ہم نے نیٹ ورک بھی بحال کروا دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ مشکل کی گھڑی ہے، مل کر اس سے نکلنا چاہیے۔

مجھے یقین ہے کہ جب سب کا یہ جذبہ ہو تو اس میں ضرور کامیابی ملے گی۔ اس قدرتی آفت کے موقع پر خدمات سرانجام دینے پر افواج پاکستان کے بھی مشکور ہیں، فیلڈ مارشل صاحب خود یہاں آئے اور فضائی سروے کیا جس نے بھی کردار ادا کیا ہے، ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے متاثرین سے کہا کہ آخر تک تعاون جاری رکھیں گے، تعمیر نو اور آبادکاری میں تعاون کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم ان مشکلات سے مل کر لوگوں کو نکالیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات