یومِ بحریہ ہمارے بحری جانبازوں کی جرأت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،بلاول بھٹو زرداری کا یوم بحریہ پر پیغام

پیر 8 ستمبر 2025 12:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یومِ بحریہ ہمیں ہمارے بحری جانبازوں کی جرأت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،شہید بینظیر بھٹو نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بحریہ کو مضبوط بنایا اور خطے میں امن و سلامتی کا وژن دیا۔ پیرکو یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے پاک نیوی کے بہادر افسران و جوانوں کو سلام اور شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ یومِ بحریہ ہمیں ہمارے بحری جانبازوں کی جرأت اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،پاکستان نیوی نے مادرِ وطن کی بحری سرحدوں کا ہمیشہ بے مثال بہادری سے دفاع کیا ،1965 کی جنگ میں پاک نیوی نے وطنِ عزیز کے دفاع میں تاریخ ساز کارنامے انجام دیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1965 کی جنگ میں آپریشن سومناتھ سمیت پاک نیوی کی تاریخی کامیابیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں،قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ ایک مضبوط اور جدید بحریہ کا خواب دیکھا، ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم بھٹو شہید نے پاکستان کے خودانحصار دفاع کی بنیاد ایٹمی پروگرام کے ذریعے رکھی،شہید بینظیر بھٹو نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بحریہ کو مضبوط بنایا اور خطے میں امن و سلامتی کا وژن دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی نے حالیہ برسوں میں ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیت کا لوہا منوایا ،ہماری نیوی نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران کامیابی کے ساتھ پاکستان کی سمندری خودمختاری کا دفاع کیا،پاک نیوی سمندری محافظ کی حیثیت سے تجارتی راستوں کی سلامتی اور خطے کے پانیوں میں امن قائم رکھنے کے لیے بھی سرگرم عمل ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج جب ہم پاکستان نیوی کے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں تو ہمیں ایک عہد کرنا چاہیے کہ ہر ممکن طریقے سے اپنی مسلح افواج کو مضبوط اور ان کی حمایت کریں گے۔\932