امت مسلمہ کشمیر اورغزہ کے خون آلود زخموں کو فراموش نہ کرے : پیر مظہرسعید شاہ

بدھ 10 ستمبر 2025 16:45

استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیر اورغزہ کے خون آلود زخموں کو فراموش نہ کرے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیر محمد مظہر سعید شاہ نے استنبول میں منعقدہ عالمی اتحاد علمائے مسلمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ آنے والی نسلیں آج کی قیادت کی خاموشی کو معاف نہیں کریں گی۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت بار بار انصاف کے مطالبے کے باوجود غزہ اور کشمیر حل طلب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دو زخم ہیں جو دنیا کے سامنے لہو لہان ہو رہے ہیں نہ غزہ گرے گا اور نہ کشمیر ہتھیار ڈالے گا۔پیر مظہر سعید شاہ نے کہا کہ غزہ نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ یہ سرزمین اہل حق کی ہے جو اپنے وقار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے جبکہ کشمیر جسے کبھی زمین کی جنت کہا جاتا تھا ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں بھارتی قابض فوجیوں نے دہشت گردی کا راج قائم کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو قتل کیا جارہا ہے، ان پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اورانہیں جلاوطن کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ 1989سے اب تک 96ہزارسے زائد کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے، 10ہزارسے زائد خواتین بیوہ ہو چکی ہیں اور سرکردہ حریت رہنمائوں سمیت ہزاروں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ اور کشمیر میں نسل کشی چنگیز خان اور ہلاکو خان کے قتل عام سے بھی سنگین ہے، اس کے باوجود عالمی ضمیر خاموش ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ آج کے مسائل نہیں بلکہ ہمارے عقیدے سے جڑے معاملات ہیں، غزہ اور کشمیر دہائیوں سے ایک ارب سے زائدلوگوں پر مشتمل مسلم امہ کو پکار رہے ہیں۔وزیر موصوف نے بھارت کے خلاف آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر ترکی، آذربائیجان اور قطر کا شکریہ ادا کیا اور اسے اسلامی یکجہتی کا عکاس قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی اور فتح بھارتی اور صیہونی ایجنڈوں کی شکست اور امت مسلمہ کی نجات کا واحد راستہ ہے۔