Live Updates

بھارت سے شکست کے بعد عمران خان کا طنزیہ مشورہ

اب جو حالات ہیں پاکستان کے جیتنے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ اوپنر بیٹرز عاصم منیر اور محسن نقوی ہوں، امپائرز سکندر سلطان راجہ و قاضی فائزعیسیٰ اور تھرڈ امپائر سرفراز ڈوگر ہوں؛ سابق کپتان کی جیل میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 ستمبر 2025 17:11

بھارت سے شکست کے بعد عمران خان کا طنزیہ مشورہ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 ستمبر2025ء ) ایشیاء کپ سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سابق کپتان عمران خان نے طنزیہ مشورہ دے دیا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں وکلاء اور فیملی سے گفتگو کرتے ہوئے ہمشیرہ علیمہ خان کے ذریعے پیغام میں انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور، بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سیف کو واضع حکم دے رہا ہوں کہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ختم کرو، آئندہ کسی سے رابطہ نہ کیا جائے، اگر اسٹیبلشمنٹ میں سے کسی نے بات کرنی ہے تو مجھ سے آکر اڈیالہ میں کرے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے چار پیغام بیجھے ہیں، پہلا پیغام کیس توشہ خانہ ٹو سے متعلق ہے، عمران خان نے کہا ہے یہ کیس پچھلے مہینے ہی ختم ہو جانا چاہیئے تھا لیکن نہیں ہوا، اب امید ہے دو تین سماعتوں بعد یہ کیس اس ہفتے ختم ہو جائے گا اور عمران خان بری ہو جائیں گے، 25 ستمبر کو القادر کیس کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہیں وکلاء اور ہم سب ہائیکورٹ ہوں گے ہم امید کرتے ہیں کہ اس دن سماعت ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے ملک کے حالات اس لیے ایسے ہیں کیوں کہ عاصم منیر اپنے اقتدار کو طوالت دینا چاہتے ہیں، 26 ویں ترمیم کر کے عدلیہ کو کوئی حکومتی محکمہ بنا دیا گیا ہے، آزاد ججز کو سلام پیش کرتے ہیں، عمران خان نے کہا عاصم منیر نے میری دو تہائی اکثریت چھین کر چوروں کو مسلط کیا تھا، محسن نقوی نے کرکٹ ٹیم کو ڈی سٹیبلائز کر دیا ہے، یہ ہی ٹیم تھی جس نے اکتوبر 2021ء میں انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کرکٹ ایسے ہی چلا رہا ہے جیسے عاصم منیر پاکستان کو چلا رہا ہے، دونوں کا ایک ہی حال کر دیا ہے، اب ایک ہی طریقہ ہے کرکٹ میچ جیتنے کا کہ اوپننگ بیٹسمین عاصم منیر اور محسن نقوی ہوں، امپائرز قاضی فائز عیسیٰ اور سکندر سلطان راجہ ہوں اور تھرڈ امپائر سرفراز ڈوگر ہوں اسی صورت پاکستان جیت سکتا ہے ورنہ کوئی طریقہ نہیں بچا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات