Live Updates

سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو مفت پنک سکوٹیز کی تقسیم شروع کر دی گئی

جمعرات 25 ستمبر 2025 19:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2025ء) سندھ حکومت کی جانب سے خواتین کو مفت پنک سکوٹیز کی تقسیم شروع کر دی گئی ۔اس سلسلے میں کراچی میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام ایک تقریب منعقدہوئی،جس میں مہمان خصوصی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے خواتین و طالبات کو پنک سکوٹیز کی چابیاں تقسیم کیں۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ خواتین کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور انہیں بااختیار کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد خواتین کے لیے پنک ٹیکسیاں بھی متعارف کرائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ وہ پہلا صوبہ ہے جہاں الیکٹرک بسیں چلائی گئیں اور پنک بس سروس شروع کی گئی اور اب خواتین کو مفت پنک سکوٹیز دی جارہی ہیں تاکہ وہ تعلیم، ملازمت اور کاروبار کے لیے بلا رکاوٹ سفر کرسکیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ خواتین کو قومی ترقی میں مرکزی کردار حاصل ہے اور اگر انہیں موقع دیا جائے تو معیشت سمیت ہر شعبے میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کے لیے ایسے اقدامات کے ذریعے دنیا کو پیغام دینا چاہتی ہے کہ پاکستان میں عورتوں کو برابر کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ نجی شعبے نے اس منصوبے کو سپورٹ کیا ہے اور اس شراکت داری کو آگے بڑھا کر مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیشہ خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کیے ہیں۔

بے نظیر سپورٹ پروگرام، ویمن پولیس سٹیشنز، بے گھر ہاریوں میں زمین کی تقسیم اور سیلاب سے محفوظ مکانات کو خواتین کے نام پر منتقل کرنے جیسے اقدامات اسی تسلسل کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ عوام کو پہلے ہی بی آر ٹی، پیپلز بس سروس اور پنک بس جیسی سہولتیں فراہم کر رہا ہے اور اب پنک سکوٹی کی شمولیت سے یہ نظام مزید بہتر ہوگا۔

اس موقع پرسینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک مشین کی تقسیم نہیں بلکہ خواتین کی خودمختاری کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنک سکوٹی سروس کے بعد اب جلد پنک ٹیکسی سروس بھی شروع کی جائے گی۔ تقریب میں سپیکر سندھ اسمبلی اویس قادر شاہ، صوبائی وزرا ء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، سردار محمد بخش مہر، سید ذوالفقار شاہ، سردار شاہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، محمد علی ملکانی، ایم پی اے گیانچند ایسرانی، سینیٹر وقار مہدی، ایم این اے مرزا اختیار بیگ، ایم این اے ناز بلوچ، شرمیلا فاروقی، پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، پیپلز پارٹی رہنما نیر بخاری، عاجز دھامرہ، راول شرجیل میمن، غیر ملکی سفارتکار، حکومت سندھ کے ترجمان، کاروباری شخصیات جاوید بلوانی، زبیر موتی والا اور میڈیا مالکان ، اداکار ہمایوں سعید، یوشا شاہ، ہدایتکار شرمین عبدی چنائے اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات